چین میں پاک بحریہ کی تیسری ہنگور کلاس آبدوز پی این ایس ایم مانگر کی لائونچنگ تقریب

ہفتہ 16 اگست 2025 17:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2025ء)چین میں پاک بحریہ کی تیسری ہنگورکلاس آبدوزپی این ایس ایم مانگروکی لائونچنگ کی تقریب ہوئی ، یہ آبدوزیں جدیدہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہوں گی۔تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر کی جانب سے بیان میں کہا گیاہے کہ پاک بحریہ کی تیسری ہنگور کلاس آبدوز پی این ایس ایم مانگرو (MANGRO)کی لانچنگ کی تقریب ووہان چین میں ووچانگ شپ بلڈنگ انڈسٹری گروپ کمپنی لمیٹڈ شوانگلیو بیس(Wuchang Shipbuilding Industry Group Company Ltd, Shuangliu Base) میں منعقد ہوئی۔

ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف پراجیکٹ-2، وائس ایڈمرل عبد الصمد اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے خطے میں موجودہ جیو اسٹریٹجک ماحول کے پیشِ نظر میری ٹائم سیکیورٹی کی اہمیت پر زور دیاانہوں نے اعادہ کیا کہ پاک بحریہ محفوظ اور مشترکہ سمندری ماحول کو فروغ دیتے ہوئے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پر عزم ہے۔

(جاری ہے)

ہنگور کلاس آبدوزوں کا حوالہ دیتے ہوئے وائس ایڈمرل عبد الصمد نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ جدید ترین ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس یہ آبدوزیں خطے میں طاقت کا توازن اورامن و استحکام کو برقرار رکھنے میں اہم ثابت ہوں گی۔

انہوں نے چائنا شپ بلڈنگ اینڈ آف شور انٹرنیشنل کمپنی لمیٹڈ (CSOC) کی انتھک کوششوں کو سراہتے ہوئے منصوبے کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ہنگور کلاس آبدوزوں کا یہ منصوبہ یقینی طور پر پاک چین پائیدار شراکت داری میں ایک نئی جہت کا اضافہ کرے گا۔حکومت پاکستان نے چائنا شپ بلڈنگ اینڈ آف شور انٹرنیشنل کمپنی لمیٹڈ (CSOC) کے ساتھ آٹھ ہنگور کلاس آبدوزوں کے حصول کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

معاہدے کے تحت چار آبدوزیں چین میں تعمیر کی جا رہی ہیں جبکہ دیگر چار پاکستان میں کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ (KS&EW) میں ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی (ToT) کے تحت تعمیر کی جائیں گی، یہ آبدوزیں جدیدہتھیاروں اور سینسرز سیلیس ہوں گی جس سیدور تک اہداف کو نشانہ بنایا جا سکے گا۔لائونچنگ تقریب میں پاکستان اور چین کے اعلی حکام نے شرکت کی جن میں ووچانگ شپ بلڈنگ انڈسٹری گروپ کمپنی لمیٹڈ اور چائنا شپ بلڈنگ اینڈ آف شور انٹرنیشنل کمپنی لمیٹڈ کے نمائندے بھی شامل تھے۔