جڑواں شہروں میں وزیراعظم یوتھ پروگرام ، لاہور قلندرز کے کامیاب کرکٹ ٹرائلز

ہفتہ 16 اگست 2025 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت لاہور قلندرز کے اشتراک سے ٹیلنٹ ہنٹ کرکٹ ٹرائلز اسلام آباد اور راولپنڈی میں شاندار کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئے، جن میں ہزاروں پرجوش نوجوان کرکٹرز نے شرکت کی۔دو روزہ ٹرائلز میں لڑکوں اور لڑکیوں نے بڑی تعداد میں اپنی کرکٹ صلاحیتیں پیش کیں۔

لاہور قلندرز کے ماہر کوچز اور اسٹاف کی نگرانی میں جانچ پڑتال کے بعد اسلام آباد اور راولپنڈی سے ایک ایک لڑکوں اور لڑکیوں کی ٹیم منتخب کی گئی۔اس موقع پر لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا نے اسلام آباد اور راولپنڈی کے نوجوانوں کے جوش و خروش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہزاروں نوجوانوں کی شرکت نے ٹرائلز کو ایک شاندار کامیابی بنا دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ٹوئن سٹیز سے بہترین کرکٹرز کے سامنے آنے پر خوشی کا اظہار کیا اور وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کا شکریہ ادا کیا جن کی بھرپور معاونت سے ملک گیر ٹرائلز ممکن ہوسکے۔منتخب کھلاڑیوں نے بھی اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم یوتھ پروگرام اور لاہور قلندرز کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک خوابوں جیسا موقع ہے جو انہیں اعلیٰ سطح پر کھیلنے کا پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ سخت محنت کرکے لاہور قلندرز اور پاکستان کی نمائندگی کریں گے اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کریں گے۔