تاریخ گواہ ہے کہ پاکستانی عوام نے ہمیشہ مشکلات کا مقابلہ صبر،حوصلے اور باہمی یکجہتی سے کیا، غلام محمد صفی

اتوار 17 اگست 2025 12:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان شاخ کے کنوینئر غلام محمد صفی اور جملہ حریت قیادت نے پاکستان میں حالیہ سیلابی آفات کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر شدید دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ کڑا وقت صرف متاثرہ خاندانوں کے لیے ہی نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم کے لیے آزمائش کا لمحہ ہے۔

پاکستانی عوام کی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ انہوں نے ہمیشہ مشکلات کا مقابلہ صبر،حوصلے اور باہمی یکجہتی سے کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے دعائے مغفرت اور زخمیوں کے لیے صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں۔متاثرہ خاندانوں کی جلد از جلد بحالی کے لیے بھی دعا گو ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام نے ہمیشہ کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی میدانوں میں جس جرات،اخلاص اور ایثار کے ساتھ حمایت کی ہے، وہ کشمیری قوم کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔

یہی وجہ ہے کہ آج جب پاکستان سیلاب جیسی قدرتی آفات کا شکار ہے تو کشمیری عوام اپنے پاکستانی بھائیوں کے غم و دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔غلام محمد صفی نے فلاحی اداروں سے پرزور اپیل کی کہ وہ اس مشکل وقت میں پاکستان کے عوام کی فوری امداد کے لیے آگے بڑھیں اور ریلیف و بحالی کے اقدامات میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کسی ایک ملک یا قوم کا مسئلہ نہیں ہوتیں بلکہ یہ انسانیت کا مشترکہ چیلنج ہوتی ہیں، اس لیے ہر سطح پر تعاون ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے بڑی ضرورت قومی اتحاد و یکجہتی کی ہے۔ پاکستان کے تمام طبقات، جماعتوں اور اداروں کو باہمی تعاون اور ایثار کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا تاکہ متاثرہ خاندانوں کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کا حوصلہ مل سکے۔ یہی وہ جذبہ ہے جو قوموں کو مشکلات سے نکال کر ترقی و استحکام کی راہ پر گامزن کرتا ہے۔