جموں خطے کے ضلع کٹھوعہ میں بادل پھٹنے سے چار افراد ہلاک

کئی ندی نالوں میں پانی کی سطح تیزی سے بڑھ گئی، دریائے اجھ خطرے کے نشان کے قریب بہہ رہا ہے

اتوار 17 اگست 2025 13:35

جموں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ضلع کٹھوعہ کے علاقے جنگلوٹ میں بادل پھٹنے کے بعد سیلاب آنے سے کم از کم چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات کو بادل پھٹنے سے ریلوے ٹریک، جموں سرینگر ہائی وے اور ایک پولیس اسٹیشن کو نقصان پہنچا۔

(جاری ہے)

بھارتی وزیر جتیندر سنگھ نے نقصانات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکموں نے ریسکیو اور ریلیف آپریشن شروع کر دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ قابض حکام نے بتایا کہ کئی ندی نالوں میں پانی کی سطح تیزی سے بڑھ گئی ہے، جبکہ دریائے اجھ خطرے کے نشان کے قریب بہہ رہا ہے۔ رواں ہفتے کے شروع میں ضلع کشتواڑکے علاقے چیسوتی میں بادل پھٹنے کے نتیجے میں 50سے زائد افراد ہلاک اور 100سے زائد زخمی جبکہ کم از کم 82 افراد لاپتہ ہو گئے تھے۔