سہ ملکی ٹی 20 سیریز اور ایشیا کپ کیلئے 17 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان ، بابر اعظم اور رضوان ٹیم سے آئوٹ

اتوار 17 اگست 2025 15:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)نے سہ ملکی ٹی 20 سیریز اور ایشیا کپ کیلئے17 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا،بابراعظم اور محمد رضوان دونوں کھلاڑی اسکواڈ کا حصہ نہیںہیں۔ اتوار کے روز ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور چیف سلیکٹر عاقب جاوید نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹیم کا باضابطہ اعلان کیا۔

چیف سلیکٹر عاقب جاوید نے کہا کہ سہ ملکی ٹی 20 سیریز اور ایشیا کپ کیلئے 17 رکنی سکواڈ کا اعلان کیا گیاہے جبکہ ٹیم کی قیادت اس بار بھی آل رائونڈر سلمان آغا کے سپرد کی گئی ہے جو پہلی بار قومی ٹیم کو کسی بڑے ٹورنامنٹ میں لیڈ کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ منتخب کھلاڑیوں میں سلمان علی آغا(کپتان)، ابرار احمد، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث رئوف، حسن علی، حسن نواز، حسین طلعت، خوشدل شاہ، محمد حارث (وکٹ کیپر)، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان مرزا، شاہین شاہ آفریدی اور صفیان مقیم شامل ہیں،سلیکشن کمیٹی کے مطابق اسکواڈ نوجوان اور سینئر کھلاڑیوں کے امتزاج پر مشتمل ہے تاکہ ٹیم کو نئی توانائی کے ساتھ میدان میں اتارا جا سکے۔

(جاری ہے)

عاقب جاوید نے کہا کہ جو کھلاڑی اچھا کھیل پیش کرے گا وہی ٹیم میں جگہ پائے گا، کسی کھلاڑی کے کیریئر پر فل سٹاپ نہیں لگا سکتے، ٹیم میں شمولیت کا معیار صرف اور صرف پرفارمنس ہے۔انہوں نے کہا کہ فخر زمان پر کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہیے، دستیاب کھلاڑیوں کو حصہ بنانے کی کوشش کی ہے، بابراعظم اور محمد رضوان سمیت کسی کھلاڑی کو رائٹ آف نہیں کیا جا رہا،ایسا نہیں کہہ سکتے کہ ٹی 20 میں بابر اور رضوان کا مستقبل ختم ہوگیا، تمام کھلاڑیوں کے پاس موقع موجود ہے کہ وہ اپنی کارکردگی دکھا کر دوبارہ ٹیم میں واپسی کریں۔

عاقب جاوید نے کہا کہ سب کی نظریں پاک بھارت میچ پر ہیں اور یہ پاکستانی ٹیم بھارت کو شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، کھلاڑیوں کو اعتماد کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا کیونکہ یہ موقع ان کے لیے اپنی صلاحیت ثابت کرنے کا بہترین امتحان ہے۔ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ بابر اعظم کے پاس موقع ہے بگ بیش لیگ میں پرفارم کرے،شائقین کرکٹ کے لیے یہ اعلان حیران کن بھی ہے کیونکہ کئی سالوں بعد بابر اعظم اور رضوان جیسے بڑے نام کسی بڑے ایونٹ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔یاد رہے کہ پاکستان، افغانستان اور یو اے ای کی ٹرائی سیریز 29 اگست سے 7 ستمبر تک شارجہ میں ہوگی جبکہ ایشیا کپ 9 سے 28 ستمبر تک ابوظہبی اور دبئی میں کھیلا جائے گا۔