سائنس اورٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر کا آئی سی سی بی ایس کا دورہ

وفاقی وزیر خالد حسین مگسی نے آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کی سائنسی و تحقیقی سرگرمیوں کی تعریف کی

اتوار 17 اگست 2025 16:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء) وفاقی وزارت برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر خالد حسین مگسی نے گزشتہ روزپاکستان کے معروف تحقیقی ادارے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم(آئی سی سی بی ایس)جامعہ کراچی کا دورہ کیا اور ادارے کے انفرااسٹرکچر اور یہاں کی سائینسی اور تحقیقی سرگرمیوں کی تعریف کی۔آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد رضا شاہ اورپروفیسر ایمریٹس و سابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر عطاالرحمن نے وفاقی وزیرخالد حسین مگسی کی ادارے میں آمد کا خیر مقدم کیا۔

مختصر دورے کے دوران وفاقی وزیرخالد حسین مگسی نے پروفیسر محمد رضا شاہ اور پروفیسرڈاکٹر عطا الرحمن کے ساتھ ایک اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پروفیسر محمد رضا شاہ نے ایک پریزینٹیشن کے دوران آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی میں ہونے والے سائینسی اور تحقیقی سرگرمیوں کے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ شرکا نے سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر بھی گفتگو کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیرخالد حسین مگسی نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ ان کی وزارت پاکستان کے اس ممتاز تحقیقی ادارے کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے آئی سی سی بی ایس کی صنعتی معاونت اور قومی خدمات کو بھی سراہا۔