کچھ عناصر پاکستان کی افواج کے خلاف سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کر رہے ہیں‘ چوہدری شافع حسین

پاک فوج کی بدولت ہی ہم اپنے گھروں میں سکون کی نیند سوتے ہیں‘ صوبائی وزیر صنعت و تجارت کا خطاب

اتوار 17 اگست 2025 18:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے وزیر اعظم یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت عدن آئی ٹی سینٹر گجرات میں تقریب تقسیم انعامات میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے تربیت مکمل کرنے والے نوجوانوں میں اسناد اور ایوارڈز تقسیم کئے۔صوبائی وزیر کی موجودگی میں پولیس ڈیپارٹمنٹ اور عدن آئی ٹی سینٹر میں اشتراک کا معاہدہ بھی ہوا۔

معاہدے کی رو سے عدن آئی ٹی سینٹر میں پولیس شہداء کے بچوں کو مفت تربیت فراہم کی جائے گی جبکہ حاضر سروس پولیس ملازمین کے بچوں کو فیس میں 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔ مفاہمتی یادداشت پر ایم ڈی عدن آئی ٹی سینٹر ابراراحمد اور ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر نعیم گجر نے دستخط کئے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مستقبل معیاری فنی تعلیم کے فروغ سے جڑا ہے۔

ملک کی 60فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جسے جدید علوم سے آراستہ کرکے ملک وقوم کی تقدیر بدلی جاسکتی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ نیلسن منڈیلا نے درست کہا کہ نالج پاور ہے اس لئے جدید علوم نوجوانوں کے ذہنوں میں وسعت پیدا کرتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے فراہم کردہ فنڈز سے ٹیوٹا کے اداروں کی لیبز کو آپ گریڈ کیا گیا اور ٹیوٹا کے اداروں میں چائنیز کے علاوہ جرمن،جیپنیز،عربی،کورین اور دیگر زبانوں کے کورسز شروع کرائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ گجرات میں عالمی معیار کا آرٹیفیشل انٹیلیجنس کالج بنایا جائے گا۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ کچھ عناصر سوشل میڈیا پر پاک فوج کے خلاف منفی پروپیگنڈا جاری رکھے ہوئے ہیں۔سرحدوں کی محافظ بہادر افواج کی بدولت ہی ہم اپنے گھروں میں سکون کی نیند سوتے ہیں۔ آئی ٹی سے وابستہ نوجوان پاک فوج کے خلاف منفی پروپیگنڈہ پر نظر رکھیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ عدن آئی ٹی سینٹر نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے یہاں پولیس کے علاوہ صحافیوں کے بچوں کو بھی 50فیصد ڈسکاؤنٹ پر تربیت فراہم کی جارہی ہے۔صوبائی وزیر نے ادارے بنائی گئی جدید لیب کا بھی افتتاح کیا ۔ تقریب میں مسلم لیگ سٹی گجرات کے صدر علی ابرار جوڑا، سکل ڈویلپمنٹ سے وابستہ شخصیات اور طلباء وطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔