Live Updates

پی ڈی ایم اے کا صوبے بھر میں ہائی الرٹ

اتوار 17 اگست 2025 19:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق پنجاب میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ 17 سے 23 اگست تک جاری رہے گا، صوبے کے بیشتر اضلاع میں شدید بارشوں کی پیش گوئی ہے جبکہ بالائی علاقوں میں طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے خطرات موجود ہیں۔رپورٹ کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال اور اٹک میں شدید طوفانی بارشوں کا امکان ہے جس سے لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔

اسی طرح منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ، ساہیوال، ننکانہ صاحب اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت وسطی پنجاب کے اضلاع میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

جنوبی پنجاب میں بھی بارشیں ہوسکتی ہیں اس کے مطابق ملتان، مظفرگڑھ، ڈی جی خان، خانیوال، لیہ، بہاولپور، بہاولنگر، راجن پور اور رحیم یار خان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہوں گی۔

اس حوالہ سے ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے۔دریائے سندھ کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جبکہ تربیلا میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔دریائے ستلج گنڈا سنگھ والا اور سلیمانکی پر نچلے درجے کا سیلاب ہے دریائے راوی، جہلم اور چناب میں بھی غیر معمولی اضافے کا خدشہ۔وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے بھر کی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنرز کو فیلڈ میں موجود رہنے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ دریاؤں اور ندی نالوں کے اطراف دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات