آل پارٹیز کانفرنس کاسیاسی قیدیوں کو رہا کر نے، مولانا خانزیب کی شہادت پر جوڈیشل کمیشن قائم کرنے کامطالبہ

ایمل ولی کا سیلابی صورت حال کے تناظر میں 23تاریخ کا امن مارچ موخر کرنے کا بھی اعلان

اتوار 17 اگست 2025 22:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء)عوامی نیشنل پارٹی کی زیر صدارت ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے،پیکا ایکٹ جیسے قوانین ختم کیے جائیں، مولانا خانزیب کی شہادت پر جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے۔ایمل ولی نے سیلابی صورت حال کے تناظر میں 23تاریخ کا امن مارچ موخر کرنے کا بھی اعلان کر دیا۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اور کے پی ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، ان کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری نے کہا کہ مشرقی اور مغربی بارڈرز کی صورتِ حال سامنے ہے، یہ نارمل صورتِ حال نہیں، ہمیں سیکیورٹی اداروں کے ہاتھ مضبوط کرنے چاہئیں۔قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیر پاؤ نے کہا کہ براہِ راست اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے بجائے حکومت سے ہونے چاہئیں۔اے پی سی کے بعد ایمل ولی خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وفاق بلوچستان اور خیبر پختون خوا کے ساتھ اپنا رویہ تبدیل کرے، ہم مذاکرات پر یقین رکھنے والے لوگ ہیں لیکن ہمیں سننے والا کوئی نہیں۔