دبئی پولیس نے 25 ملین امریکی ڈالر مالیت کے نایاب پنک ڈائمنڈ کی چوری اور اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی

پیر 18 اگست 2025 17:12

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) دبئی پولیس نے ایک نہایت نایاب اور 25 ملین امریکی ڈالر مالیت کے پنک ڈائمنڈ کی چوری اور ملک سے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کی رپورٹ کے مطابق "پنک ڈائمنڈ آپریشن" کے نام سے کی جانے والی اس کامیاب کارروائی کے دوران پولیس نے ایک بین الاقوامی گروہ کو گرفتار کیا جو گزشتہ ایک سال سے اس قیمتی ہیرے کو ہتھیانے کی منصوبہ بندی میں مصروف تھا۔

پولیس کے مطابق نایاب پنک ڈائمنڈ نہ صرف ایک معروف جیمولوجیکل ادارے سے تصدیق شدہ ہے بلکہ اس میں ایسا خالص پن پایا جاتا ہے جو دنیا بھر میں صرف 0.01 فیصد ہیروں میں ممکن ہے، اسی وجہ سے یہ ہیرا چوروں کی نظر میں ایک قیمتی ہدف بن چکا ہے۔تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ملزمان نے ہیرے کے مالک معروف جیولر کو پہلے پہچانا اور پھر خود کو ایک امیر خریدار کا نمائندہ ظاہر کرتے ہوئے اعتماد میں لیا۔

(جاری ہے)

ملزمان نے پرتعیش گاڑیاں کرائے پر حاصل کیں، دبئی کے مہنگے ہوٹلوں میں ملاقاتیں طے کیں اور یہاں تک کہ ایک مشہور ہیروں کے ماہر کی خدمات حاصل کیں تاکہ ہیرے کی تصدیق کرا کے اپنی سنجیدگی ظاہر کی جا سکے۔انہی ہتھکنڈوں سے جیولر کو قائل کیا گیا کہ وہ ہیرا اپنی محفوظ دکان سے نکال کر ایک نجی ملاقات میں لے آئے جہاں ملزمان نے موقع پا کر ہیرا چرا لیا اور فرار ہو گئے،جیسے ہی چوری کی اطلاع ملی، دبئی پولیس نے ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی۔

جدید ٹیکنالوجی اور سرویلنس کے ذریعے تینوں ملزمان جن کا تعلق ایشیائی ممالک سے بتایا گیا ہے ، کی شناخت کی گئی۔ یہ معلوم ہوا کہ واردات کے بعد وہ ایک دوسرے سے الگ ہو کر مختلف مقامات پر منتقل ہو چکے تھے۔پولیس نے بیک وقت مختلف مقامات پر چھاپے مارے، تمام ملزمان کو گرفتار کیا اور قیمتی پنک ڈائمنڈ کو بازیاب کر لیا۔ حیران کن طور پر، ملزمان ہیرے کو ایک چھوٹے ریفریجریٹر میں رکھ کر ایشیا کے ایک ملک اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

جیولر، جو 2005 سے دبئی میں کاروبار کر رہا ہے، نے واقعے پر اپنے تاثرات میں کہا کہ وہ چوری کی چالاکی سے بے خبر تھا، مگر دبئی پولیس کی فوری کارروائی نے اعتماد بحال کر دیا۔ انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی 999 پر کال کی، پولیس فوراً پہنچ گئی اور نہ صرف مکمل تعاون فراہم کیا بلکہ اگلی ہی صبح اطلاع دی گئی کہ چور گرفتار ہو چکے ہیں اور ہیرا بازیاب ہو چکا ہے۔تاجر نے مزید کہا کہ دبئی آج عالمی سطح پر ہیرے کی تجارت کا محفوظ مرکز بن چکا ہے اور اس معیار کو برقرار رکھنے کے لیے تمام تاجروں کو حفاظتی رہنما اصولوں پر عمل کرنا چاہیے۔