چیمبر آف پاکستان تاجر اتحاد کی جانب سے حالیہ بارشوں میں جاں بحق افراد کےلئے دعائیہ تقریب

پیر 18 اگست 2025 21:41

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) چیمبر آف پاکستان تاجر اتحاد کی جانب سے خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارشوں اور سیلاب سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے ملتان میں دعائیہ تقریب منعقد کی گئی۔دعائیہ تقریب میں تاجروں ، صنعت کاروں اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیمبر آف پاکستان تاجر اتحاد کے مرکزی صدرملک خالد بھٹہ نے کہا کہ مصیبت کی گھڑی میں تاجر برادری دکھی خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری نے ہر مشکل وقت میں ہمیشہ مصیبت زدہ اپنے بھائیوں کا ساتھ دیا اور اب بھی ہم بچھڑ جانے والوں کےلئے افسردہ ہیں۔خالد بھٹہ نے کہا کہ ہم حکومت کے بھی ساتھ ہیں اور مخیر حضرات سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ دکھی خاندانوں کی معاونت میں اپنا کردار ادا کریں۔تقریب کے آخر میں جاں بحق افراد اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کےلئے اجتماعی دعا کرائی گئی۔