حماس نے قطر اور مصر کے جنگ بندی منصوبے پر رضامندی ظاہر کردی، اسرائیل کے جواب کا انتظار

منگل 19 اگست 2025 17:01

غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء)حماس نے مصر اور قطر کے پیش کردہ نئے جنگ بندی منصوبے سے اصولی اتفاق کرلیا ہے اور اپنی رضامندی سے دونوں وساطت کار ملکوں کو مطلع کردیا ہے۔حماس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس اور فلسطینی دھڑوں نے مصری اور قطری ثالثوں کی جانب سے پیش کیے گئے مجوزہ منصوبے پر اتفاق کیا ہے۔ تاہم منصوبے کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔

(جاری ہے)

مصری ذرائع نے بتایا کہ اسرائیل ہفتے کے اختتام سے قبل اس منصوبے پر اپنا جواب دے گا۔ ان کے مطابق ثالثوں نے اسرائیلی مذاکراتی ٹیم کو دعوت دی ہے اور ان کے جواب کا انتظار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جلد ہی ثالثوں اور اسرائیلی سکیورٹی حکام کے درمیان ملاقات متوقع ہے۔حماس کے ایک ذریعے نے فرانسیسی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ حماس اور دیگر فلسطینی دھڑوں نے منصوبے پر بغیر کسی ترمیم کے اتفاق کرلیا ہے۔