انسداد دہشت گردی عدالت نے غیر حاضری پر عالیہ حمزہ کی عبوری ضمانت خارج کر دی

سلمان اکرم راجہ کی عبوری ضمانت میں 3 ستمبر تک توسیع ‘اعظم سواتی کی درخواست 27اگست تک موخر

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 19 اگست 2025 15:59

انسداد دہشت گردی عدالت نے غیر حاضری پر عالیہ حمزہ کی عبوری ضمانت خارج ..
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19 اگست ۔2025 )راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت (اے ٹی سی) نے عدم پیروی اور غیر حاضری پر عالیہ حمزہ کی عبوری ضمانت خارج کر دی ہے نجی ٹی وی کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے پاکستان تھریک انصاف (پی ٹی آئی) کے راہنماﺅں کے خلاف ستمبر، اکتوبر اور نومبر 2024 کے احتجاج کے مقدمات میں ضمانتوں کی سماعت کی.

(جاری ہے)

دوران سماعت عدالت نے عدم پیروی اور غیر حاضری پر عالیہ حمزہ کی عبوری ضمانت خارج کر دی، عالیہ حمزہ کی پہلے بھی ایک مرتبہ عدم حاضری پر ضمانت خارج کی جا چکی ہے عدالت نے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کی عبوری ضمانت میں 3 ستمبر تک توسیع کر دی پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے عدالت کو آگاہ کیا ملزمان تفتیش اور ٹرائل میں تعاون نہیں کر رہے، دانستہ طور پر پیش نہیں ہوتے، ملزمان کے ان حربوں سے تفتیش کا عمل متاثر ہوتا ہے، اور تفتیش سمیت عدالتی عمل آگے نہیں بڑھ پا رہا. عدالت نے سینیٹر اعظم سواتی کی درخواست ضمانت پر سماعت 27 اگست تک ملتوی کر دی اعظم سواتی پشاور ہائی کورٹ میں پیشی کے باعث عدالت حاضر نہیں ہوسکے، اعظم سواتی کی غیر حاضری پر ان کے وکیل کی جانب سے درخواست عدالت پیش کی گئی تھی.