خیبرپخونخوا میں متاثرین کی امداد کے لئے این ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، مصطفی کمال

منگل 19 اگست 2025 20:00

خیبرپخونخوا میں متاثرین کی امداد کے لئے این ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اگست2025ء) وفاقی وزیر برائے صحت سید مصطفٰی کمال نے کہا ہے کہ خیبرپخونخوا میں متاثرین کی امداد کے لئے این ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں کی تباہ کاریوں میں وزارت صحت نے متاثرین کی مدد کے لیے اپنے طور پر بھی اقدامات کیے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے سے ہم نے رابطہ کیا ،سیلاب زدگان کے لئے ہر ممکن امداد کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں نہوں نے کہا کہ صوبوں سے رابطہ کیا گیا ہے ہم نے صحت کی سہولیات کے حوالے سے پوچھا اور گلگت بلتستان میں تین سو پچاس کلو گرام ادویات پہنچاچکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کھڑے پانی سے پھیلنے والی بیماریوں کی ویکسین بھی پہنچاچکے ہیں ،یہ ڈیمانڈ صوبوں کی طرف سے آئی تھی جو ہم نے پوری کر دی ہے وزیر صحت نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وفاقی وزارت صحت صوبوں سے رابطے میں ہے، اللہ تعالی لوگوں کو اس مصیبت سے نجات دے انہوں نے کہا کہ ہم نے اٹھارہ ڈاکٹرز کی ٹیمیں روانہ کی ہیں ،این آئی ایچ میں کمان اینڈ کنٹرول رومز کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چوبیس گھنٹے ہم ڈیوٹی پر ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں ان لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں ،خدانخواستہ آگے بھی ایسی کوئی صورتحال آتی ہے تو اس کے لئے ہم تیار ہیں۔۔