گوردواروں، مندروں اور گرجا گھروں کی توسیع و مرمت سے مذہبی سیاحت کو فروغ دیں گے،صوبائی وزیرسردار رمیش سنگھ اروڑہ

منگل 19 اگست 2025 20:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) صوبائی وزیر برائے اقلیتی اموررمیش سنگھ اروڑہ نے کہا ہے کہ گوردواروں، مندروں اور گرجا گھروں کی توسیع و مرمت سے مذہبی سیاحت کو فروغ دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال کے دورے کے موقع پر کیا ۔ سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے اعلان کیا کہ گوردوارہ کی تزئین و آرائش اور بحالی کا کام جلد ہی شروع کر دیا جائے گا، تمام مذہبی مقامات کے تقدس کو بحال رکھنے اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گوردوارہ پنجہ صاحب، سکھ برادری بلکہ برصغیر کی مشترکہ ثقافتی و تاریخی ورثے کی علامت ہے، اس لیے اس کی تزئین و آرائش حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے میں گوردوارہ کی عمارت کے نیچے سے گزرنے والے صاف پانی کے چشموں کی صفائی اور سیوریج کے گندے نالے کو گردوارے کی عمارت سے باہر منتقل کرنے کے اقدامات شامل ہیں تاکہ زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ وزیراعظم محمدشہبازشریف اور صوبائی حکومت دونوں کی ہدایات ہیں کہ اقلیتوں کے مذہبی مقامات کی حفاظت اور ان کے لیے سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقلیتوں کا بھی اتنا ہی وطن ہے جتنا اکثریت کا، اور ریاست اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے ان کے مذہبی مقامات کی دیکھ بھال اور بحالی کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔

صوبائی وزیر کی آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا جبکہ دورے کے اختتام پر انہوں نے مذہبی رسومات ادا کیں۔اس موقع پر صوبائی اسمبلی کے اراکین محسن ایوب خان، عمران اعجاز، ڈپٹی سیکرٹری انسانی حقوق میاں عمر حیات، ڈاکٹر مجید ایبل، اسسٹنٹ کمشنر حسن ابدال اقصی امتیاز، مسلم لیگ ن کے رہنما چیئرمین علی اصغر اعوان اور دیگر بھی موجود تھے۔