پی ٹی اے نے خیبرپختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 85 فیصد متاثرہ ٹاورز بحال کر دیئے

منگل 19 اگست 2025 22:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے خیبرپختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مقامی انتظامیہ اور ٹیلی کام آپریٹرز کے ساتھ مل کر 48 گھنٹوں کے اندر 85 فیصد متاثرہ ٹاورز کو بحال کر دیا ہے۔ پی ٹی اے نے سوات، بونیر اور شانگلہ میں ٹیلی کام سروسز کی بحالی کے لئے انتہائی تیز رفتار اور مؤثر کارروائی کی ہے۔

(جاری ہے)

حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں 200 سے زائد ٹیلی کام ٹاورز متاثر ہوئے تھے جس سے مواصلاتی نظام بری طرح متاثر ہوا۔پی ٹی اے نے فوری طور پر اپنی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں روانہ کیں جنہوں نے مقامی انتظامیہ اور ٹیلی کام آپریٹرز کے ساتھ مل کر بحالی کا کام شروع کیا۔ صرف 48 گھنٹوں کے اندر 85 فیصد متاثرہ ٹاورز کو بحال کر دیا گیا جس سے مواصلاتی نظام کی فوری بحالی ممکن ہوئی۔پی ٹی اے کی اس بروقت اور مؤثر کارروائی کو سیلاب زدہ علاقوں کے عوام کی جانب سے بے حد سراہا جا رہا ہے۔ یہ اقدام نہ صرف مواصلاتی رابطوں کی بحالی بلکہ امدادی سرگرمیوں میں بھی سہولت فراہم کر رہا ہے۔