غزہ پر اسرائیلی فورسز کے حملے جاری، مزید 51 فلسطینی شہید

اسرائیلی افواج نے غزہ میں امداد تقسیم کرنے والے مراکز کے قریب فائرنگ کی،رپورٹ

بدھ 20 اگست 2025 16:02

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء)غزہ پر اسرائیلی حملے رکنے کا نام نہیں لے رہے، تازہ کارروائی میں مزید 51 فلسطینی شہید ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملوں میں کم از کم 51 فلسطینی شہید ہوئے جن میں کم از کم 8 امداد کے متلاشی افراد بھی شامل ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسرائیلی افواج نے غزہ میں امداد تقسیم کرنے والے مراکز کے قریب فائرنگ کی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ خان یونس میں بے گھر افراد کو پناہ دینے والے خیموں پر حملوں میں کم از کم 8 فلسطینی شہید ہوئے جبکہ وسطی غزہ کے دیر البلح میں ایک خیمے پر حملے میں مزید 4 افراد جان سے گئے۔غزہ کے سرکاری میڈیا آفس کے مطابق اسرائیل کی جانب سے غزہ میں شروع کی گئی تقریبا 2 سالہ نسل کش جنگ میں اب تک 62 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں کم از کم 18 ہزار 885 بچے بھی شامل ہیں۔ادھر حماس کی جانب سے قطر اور مصر کی طرف سے پیش کی گئی جنگ بندی کی تجویز پر رضامندی کے بعد اسرائیلی حکومت نے ابھی تک کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔