چین کی صنعتوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت، حکومت خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کے لئے ہرممکن سہولیات فراہم کرے گی، وزیراعظم محمد شہباز شریف

بدھ 20 اگست 2025 23:12

چین کی صنعتوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت، حکومت خصوصی اقتصادی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کی صنعتوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کے لئے ہرممکن سہولیات فراہم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چینی کمپنی شینڈونگ زن زو گروپ کارپوریشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔

وفد کی قیادت شینڈونگ زن زو گروپ کے چیئرمین ہیو جیانزن کر رہے تھے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک ہر مشکل میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں ۔ انہوں نے چین کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کرتے ہوئے چینی صنعتوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کے لیے ہرممکن سہولیات فراہم کرے گی ۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پاکستان کے شپ بریکنگ اور شپ ری سائیکلنگ کے شعبوں میں بے پناہ استعداد موجود ہے۔ چینی کمپنی شینڈونگ کے چیئرمین نے حکومت پاکستان کی جانب سے سہولیات کی فراہمی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شینڈونگ پاکستان میں میری ٹائم انڈسٹریل کمپلیکس کے قیام میں دلچسپی رکھتی ہے ، شینڈونگ پاکستان میں گرین شپ بریکنگ یارڈ تعمیر کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ان کی کمپنی ماہی گیری ، فش اور کھجوروں کی پراسیسنگ کے حوالہ سے پاکستان کی استعداد سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہے ۔ ملاقات میں وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔