سوسال سے کام کرنے والی بین الاقوامی جاپانی کمپنی کو پنجاب میں ڈیری کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت

موریناگا انٹرنیشنل کمپنی کو نوزائیدہ بچوں کی خوراک سمیت دیگر بیکری مصنوعات ،برآمدی معیار کے گوشت کی مقامی پیداوار میں منصوبوں کی پیشکش

جمعرات 21 اگست 2025 17:38

سوسال سے کام کرنے والی بین الاقوامی جاپانی کمپنی کو پنجاب میں ڈیری ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دورہ جاپان کے دوران سوسال سے کام کرنے والی بین الاقوامی جاپانی کمپنی کو پنجاب میں ڈیری کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ موریناگا انٹرنیشنل کمپنی کو نوزائیدہ بچوں کی خوراک سمیت دیگر بیکری مصنوعات اور برآمدی معیار کے گوشت کی مقامی پیداوار میں منصوبوں کی پیشکش بھی کی ہے ۔

اس موقع پر حیوانات کے شعبے میں جدید جاپانی مشینری اور طریقوں کے استعمال، معیاری گوشت کے حصول کے لئے صحت مند جانوروں کی افزائش نسل کے لئے پنجاب حکومت سے تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈیری مصنوعات میں عالمی شہرت یافتہ جاپانی کمپنی موریناگا ہیڈکوارٹر اور پلانٹ کا دورہ کیا اور مِلک انڈسٹری کمپنی کے مختلف شعبے دیکھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے موریناگا کے تحقیق اور ترقی کے شعبوں کا بھی مشاہدہ کیا اورکمپنی کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے موریناگا مِلک انڈسٹری کے پنجاب میں بزنس ٹرینڈ کو قابل تحسین قرار دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ موریناگا کے ڈیری میں تجربات کو پنجاب میں ڈیری کے شعبے کی ترقی کے لئے ماڈل بنانا چاہتے ہیں۔

موریناگا کمپنی کو ڈیری مصنوعات کے حوالے پنجاب حکومت تمام سہولیات مہیا کرے گی۔پنجاب میں ڈیری ڈویلپمنٹ اورایڈوانس پروٹین نیٹ ورک قائم کرنے کے لئے جاپانی کمپنیوں کا خیر مقدم کریں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ فارمولامِلک نوزائیدہ بچوں کی جسمانی وذہنی نشوونما کے لئے ضروری ہے، ماں کی حیثیت سے بچوں کی نگہداشت میرے لئے اہم ہے۔

2017ء میں وزیراعظم محمدنواز شریف وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کے دور میں موریناگا نے پنجاب میں سرمایہ کاری کی۔ دودھ کی پیداوار کے لحاظ سے چوتھے بڑے ملک پاکستان میں پنجاب کاشیئر 60 فیصدہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ شیخوپورہ میں موریناگا کی سرمایہ کاری پنجاب اور جاپان کے فلیگ شپ شراکت داری کی واضح مثال ہے۔ پنجاب کے ڈیری سیکٹر میں 80 فیصد قدیم طریقوں سے پیداوار اورمعیار دونوں مسائل کا سامنا ہے۔ موریناگا کی شراکت داری سے زراعت اور لائیو سٹاک سے وابستہ پنجاب کی 63 فیصدآبادی کو فائدہ ہو گا۔