شہبازشریف کی چینی کمپنی کے وفدسے ملاقات،سرمایہ کاری کی دعوت

بدھ 20 اگست 2025 21:55

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ چینی صنعتوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔یہ بات انہوں نے چینی کمپنی کے وفد سے ملاقات میں کہی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین ہر مشکل میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانا چاہتا ہے، حکومت خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کے لیے ہر ممکن سہولتیں فراہم کرے گی۔

اس موقع پر وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان کے شپ بریکنگ اور شپ ری سائیکلنگ کے شعبوں میں بے پناہ استعداد موجود ہے۔بریفنگ میں وزیر اعظم شہباز شریف کو بتایا گیا کہ چینی کمپنی پاکستان میں گرین شپ بریکنگ یارڈ تعمیر کرے گی۔وزیراعظم شہباز شریف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ چینی کمپنی ماہی گیری، فش پراسیسنگ اور کھجوروں کی پراسیسنگ سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔