پاکستان کی کامیاب سفارتکاری نے پاک امریکا تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیاہے،واشنگٹن پوسٹ

بدھ 20 اگست 2025 22:00

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) پاکستان کی کامیاب سفارتکاری نے پاک امریکا تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بین الاقوامی جریدے واشنگٹن پوسٹ نے اپنی حالیہ رپورٹ میں فیلڈ مارشل عاصم منیرکی کامیاب سفارتکاری کو سراہتے ہوئے اسے پاک امریکا تعلقات میں ایک نئی جہت قرار دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ امریکی صدر منتخب ہونے کو پاکستان کے لیے ایک بڑا چیلنج سمجھا جا رہا تھا تاہم پاکستانی حکام نے بدلتے عالمی حالات میں وائٹ ہائوس کے ساتھ قریبی تعلقات کو فروغ دیا۔

(جاری ہے)

واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق امریکا نے انسداد دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات کی تعریف کی جبکہ پاکستان کی کامیاب سفارتکاری کے نتیجے میں کالعدم تنظیم بی ایل اے کو امریکا نے عالمی دہشتگرد تنظیم قرار دیا۔پاکستان نے امریکا کو کرپٹو منصوبوں اور معدنیات کی ترقی میں شراکت داری کی پیشکش بھی کی جس پر امریکی صدر ٹرمپ نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت سے جنگ بندی کے بعد پاک امریکا تعلقات میں مزید تیزی آئی ہے اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ امریکا اس تعلق کو مزید مستحکم کرنے میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔