گورنر سندھ کی شہید راشد منہاس کے گھر آمد، خراجِ عقیدت و یکجہتی

پاک فضائیہ کے نوجوانوں کی قربانیاں بے مثال ہیں، اور صفِ اول میں راشد منہاس کا نام ہمیشہ روشن رہے گا، گورنر سندھ

بدھ 20 اگست 2025 22:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے شہید پائلٹ راشد منہاس (نشانِ حیدر) کی 54ویں یومِ شہادت کے موقع پر اُن کی رہائشگاہ کا دورہ کیا ، انہوں نے شہید کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور محبت و یکجہتی کا اظہار کیا۔ گورنر سندھ نے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے رکنِ اسمبلی عامر صدیقی بھی اُن کے ہمراہ موجود تھے۔

بعد ازاں گورنر سندھ نے شہید کے بھائی انجم منہاس کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کے نوجوانوں کی قربانیاں بے مثال ہیں، اور صفِ اول میں راشد منہاس کا نام ہمیشہ روشن رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہید راشد منہاس کی فیملی ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔

(جاری ہے)

اُن کی قربانیوں کی بدولت ہم چین سے سوتے ہیں، یہ ہمارے سر کا تاج ہیں۔ گورنر سندھ نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاک افواج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے شاہینوں نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، تاریخ ان قربانیوں کو سنہری حروف میں یاد رکھے گی، آج راشد منہاس کی روح یقیناً مسرور ہو گی ۔

گورنر سندھ نے تمام مسلح افواج کو خراجِ تحسین اور سلام پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ ہمارے جوان اسی جذبے اور ولولے سے قوم و ملت کی خدمت جاری رکھیں۔ گورنر کامران خان ٹیسوری نے شہید راشد منہاس کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ راشد منہاس وہ روشن چراغ تھے جنہوں نے اپنی جان دے کر وطن کی عزت کو محفوظ بنایا۔ اُن کی مختصر زندگی ایک عظیم داستان ہے، جسے تاریخ صدیوں تک یاد رکھے گی۔