جماعت اسلامی کا چیف الیکشن کمشنر کو خط ، سندھ میں ضمنی انتخابات چھٹی والے دن کرانے کا مطالبہ

عوام زیادہ سے زیادہ اور باآسانی اپنا حق ِ رائے دہی استعمال کر سکیں، کسی عام دن ضمنی انتخابات کروانے سے ووٹنگ ٹرن آئوٹ کم رہے گا جماعت اسلامی کراچی کے الیکشن سیل کے چیئر مین راجہ عارف سلطان کا سکندر سلطان راجہ کو خط ارسال

بدھ 20 اگست 2025 22:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء)جماعت اسلامی نے چیف الیکشن کمشنر کو خط ارسال کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ سندھ میں بدھ 24ستمبر کو ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات ورکنگ ڈے کے بجائے چھٹی والے دن کروائے جائیں تاکہ عوام زیادہ سے زیادہ اور باآسانی اپنا حق ِ رائے دہی استعمال کر سکیں ، کسی عام دن ضمنی انتخابات کروانے سے ووٹنگ ٹرن آئوٹ کم رہے گاجسے دھاندلی کے ذریعے بڑھانے کی کوشش کی جائے گی کیونکہ ماضی کے تجربات اس کے گواہ ہیں ، جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر و چیئر مین الیکشن سیل راجہ عارف سلطان نے سکندر سلطان راجہ کو ارسال کیے گئے خط میں مزید کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 28جولائی 2025کو صوبہ سندھ میں ضمنی بلدیاتی انتخاب کا شیڈول جاری کیا ہے ، جس کے مطابق پولنگ ڈے 24ستمبر 2025بروز بدھ رکھا گیا ہے جو کہ ایک ورکنگ ڈے ہے ، ایک طرف تو الیکشن کمیشن خطیر رقم اس کام پر لگاتا ہے کہ ووٹرز کو شعور دیا جائے کہ Turn Outزیادہ ہونا چاہیئے ، دوسری طرف اقدامات ایسے کیے جاتے ہیں Turn Outکم سے کم رہے اور حکومتی پارٹیاں سول انتظامیہ سے مل کر زیادہ سے زیادہ دھاندلی کر سکیں اور نتائج اپنے حق میں نکلواسکیں کیونکہs’DRoاور s’Ro تو سول انتظامیہ سے ہی لیے جاتے ہیں جو صوبائی حکومتوں کے ماتحت ہوتے ہیں ، ان کے غیر جانبدار ہونے کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ، انہوں نے کہا کہ ایک تو ہمارے ملک میں انتخابی نظام اور ECPپر ووٹرز کا اعتماد ہی نہیں ہے کہ پاکستان میں شفاف انتخابات بھی ہو سکتے ہیں کیونکہ ووٹرز جس کو ووٹ ڈالتے ہیں نتیجہ کسی اور کے حق میں نکلتا ہے ، زیادہ تر ووٹرز ووٹ ڈالنا بے کار عمل سمجھتے ہیں ،دوسری طرف اگر ورکنگ ڈے میں پولنگ ہوگی تو ووٹرز Turn Outبہت کم رہے گا ۔