امریکہ سے ہماری بڑھتی ہوئی قربتوں کا یہ نتیجہ معلوم ہوتا ہے جو کسی طرح سے بھی ملک کے مفاد میں نہیں، صاحبزادہ زبیر

بدھ 20 اگست 2025 22:00

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء)جمعیت علما پاکستان (نورانی) و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے سی پیک کے مستقبل کے منصوبوں کی تعداد کم کر کے چند منصوبوں کو آگے بڑھانے کے حکومتی فیصلہ پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ سے ہماری بڑھتی ہوئی قربتوں کا یہ نتیجہ معلوم ہوتا ہے جو کسی طرح سے بھی ملک کے مفاد میں نہیں، بالخصوص ایک ایسے وقت میں جبکہ بھارت چین سے اپنی پرانی دشمنی کو ختم کر کے اس سے دوستانہ تعلقات قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہو، ہمارا یہ اقدام ان کی دوستی کو مضبوط کرنے اور ہماری چین سے دیرینہ دوستی کو نقصان پہنچانے کا باعث بنے گا، انہوں نے کہا کہ امریکہ کی طرف سے بھارت کے خلاف معاشی اقدامات کے نتیجے میں بھارت کا امریکہ سے دوستی ختم کر کے چین سے دوستی کی پینگیں بڑھانا اور ہمارا اس قسم کے اقدامات کر کے امریکہ کو خوش کرنا اور اپنے دیرینہ سچے اور ہر مشکل وقت میں ساتھ دینے والے ملک چین کو ناراض کرنا یہ بھارت اور چین کی بڑھتی ہوئی قربتوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا سبب بنے گا اور ہمارے ملک کی سالمیت کے لئے انتہائی نقصان کا باعث ہو گا۔