Live Updates

گورنر ہائو س کراچی میں قائم کئے گئے رین ایمرجنسی سیل میں ہزاروں افراد کامختلف مسائل کے حوالے سے رجوع

بدھ 20 اگست 2025 22:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی ہدایت پر گورنر ہاو س میں قائم کئے گئے رین ایمرجنسی سیل میں شہریوں کی شکایات کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، جہاں اب تک ہزاروں افراد نے مختلف مسائل کے حوالے سے رجوع کیا ہے۔بدھ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق شہریوں نے ایمرجنسی سیل پر رابطہ کرکے اپنے علاقوں میں بارش کے پانی کی نکاسی میں تاخیر، بجلی کی طویل بندش، گٹروں کے ا بلنے اور برساتی نالوں کی بندش سمیت دیگر سنگین مسائل سے آگاہ کیا۔

متعدد علاقوں سے اطلاعات موصول ہوئیں کہ بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے کے باعث مکانات اور دکانیں متاثر ہوئیں جبکہ سڑکوں پر گھنٹوں ٹریفک جام رہا۔گورنر سندھ کی ہدایت پر متعلقہ اداروں کو فوری طور پر شکایات کے ازالے کی ہدایت دی جارہی ہے، ایمرجنسی سیل میں موصول ہونے والی شکایات براہِ راست ڈپٹی کمشنرز، واٹر بورڈ، کے الیکٹرک اور دیگر متعلقہ محکموں تک پہنچائی جا رہی ہیں تاکہ شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں شہری تنہا نہیں، ان کے مسائل کے حل کے لیے گورنر ہائو س کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ شہری کسی بھی شکایت یا ہنگامی صورتحال میں براہِ راست ہیلپ لائن 1366 پر رابطہ کریں تاکہ فوری اقدامات کئے جا سکیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات