شاہ رخ خان کا مونا سنگھ کو اپنی ہیروئن بنانے کا وعدہ

مونا صرف 43 سال کی ہونے کے باوجود اکثر اسکرین پر ماں کے کردار نبھاتی ہیں

جمعرات 21 اگست 2025 12:28

شاہ رخ خان کا مونا سنگھ کو اپنی ہیروئن بنانے کا وعدہ
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء)بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے ٹی وی و فلم کی اداکارہ مونا سنگھ کو اپنی ہیروئن بنانے کا وعدہ کر لیا ہے اور ان سے پوچھا ہے کہ وہ اتنی کم عمر ہونے کے باوجود ماں کے کردار کیوں نبھاتی ہیں بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان اپنے بیٹے آریان خان کی ہدایت کاری میں بننے والی پہلی سیریز کے پریویو لانچ کے لیے پہنچے۔

انہیں تقریب کے دوران سیریز کے کاسٹ ممبران سے بات چیت کرتے ہوئے دیکھا گیا، مونا سنگھ کے ساتھ بات چیت میں شاہ رخ خان نے کہا کہ جسی جیسی کوئی نہیں میرا پسندیدہ شو تھا اور مجھے اس میں مونا کی اداکاری بہت پسند آئی تھی۔اس موقع پر کنگ خان نے کہا کہ مجھے ایک شکایت ہے کہ مونا صرف 43 سال کی ہونے کے باوجود اکثر اسکرین پر ماں کے کردار نبھاتی ہیں۔

(جاری ہے)

جس پر مونا نے مزاحیہ انداز میں جواب دیا کہ چونکہ شاہ رخ جوان میں نوجوان ہیرو کا کردار ادا کر رہے ہیں تو کسی نہ کسی کو تو ماں کا کردار ادا کرنا ہی پڑے گا۔اس پر ردعمل دیتے ہوئے کنگ خان نے اگلی بار انہیں اپنے مقابل مرکزی کردار دینے کا وعدہ کر لیا۔واضح رہے کہ مونا سنگھ نے گزشتہ سال جون میں ریلیز ہونے والی فلم مونجیا میں ابھے ورما کی ماں کا کردار ادا کیا تھا۔

وہ عامر خان کی 2022 کی فلم لال سنگھ چڈھا میں بھی لال سنگھ کی والدہ گرپریت کور چڈھا کے طور پر نظر آئی تھیں۔آریان خان کی ہدایت کاری میں بننے والی پہلی ویب سیریز میں بوبی دیول، لکشیا، سحر بمبا، منوج پاوا، مونا سنگھ، منیش چوہدری، راگھو جوئیل، انیا سنگھ، وجینت کوہلی اور گوتامی کپور اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔آریان اس سیریز کے تخلیق کار و ہدایت کار ہیں اور وہ شریک تخلیق کار اور مصنفین بلال صدیقی اور مانو چوہان کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔یہ سیریز بالی ووڈ کی انوکھی دنیا کو پیش کرتی ہے جہاں خواب دیکھنے والے، محنتی اور جدوجہد کرنے والے لوگ ہنگامہ خیز فلمی انڈسٹری میں اپنا مقام بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔