اسپاٹیفائی کی جانب سے لمز کیمپس میں ہپ ہاپ موسیقی کا رنگا رنگ ایونٹ

منگل 21 اکتوبر 2025 16:22

اسپاٹیفائی کی جانب سے لمز کیمپس میں ہپ ہاپ موسیقی کا رنگا رنگ ایونٹ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2025ء) پاکستان میں ہپ ہاپ میوزک کے بڑھتے ہوئے رجحان کو ایک نئے رنگ میں پیش کرتے ہوئے اسپاٹیفائی نے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز)میں ایک شاندار آن کیمپس ایونٹ کا انعقاد کیا۔ یہ رنگا رنگ تقریب بعنوان اصلی آن کیمپس (A.S.L.I on Campus) منعقد ہوئی جس نے نوجوان نسل اور ہپ ہاپ کلچر کے گہرے تعلق کو اجاگر کیا، اور اسپاٹیفائی نے روایتی انداز سے موسیقی، رقص اور لوگوں کیلئے ایک منفرد ماحول پیدا کیا۔

پاکستان کی سب سے بہترین یونیورسٹی لمز کی میوزک سوسائٹی کے اشتراک سے منعقدہ اس پروگرام نے یونیورسٹی کیمپس کے ماحول کو تخلیقی اظہار اور خود اعتمادی کے ایک جاندار مرکز میں بدل دیا۔ ڈی جے اخون اور قاضی کے لائیو سیٹ سے لے کر مقامی ہپ ہاپ آرٹسٹ دانیا کنول کی خصوصی پرفارمنس اور لمز میوزک سوسائٹی کی طرف سے پیش کی گئی خصوصی پرفارمنسز کے سیٹ تک، طلبا نے براہِ راست محسوس کیا کہ یہ صنف محض ایک موسیقی کی تحریک نہیں رہی، بلکہ ایک ایسی ثقافتی قوت بن چکی ہے جو نوجوان پاکستانیوں کو ایک پہچان فراہم کررہی ہے۔

(جاری ہے)

اس تقریب میں شام کا سب سے دلکش لمحہ اس وقت سامنے آیا جب معروف ڈانس گروپ ڈائنامائٹ کریو (Dynamite Crew) کے بانی کاظم رضا کی زیرِ قیادت ایک انرجی سے بھرپور ڈانس کلاس منعقد ہوئی۔اسپاٹیفائی کی طرف سے خصوصی طور پر مرتب کردہ "A.S.L.I"پلے لسٹ کے گیتوں پر مشتمل اس سیشن نے طلبا کو پاکستانی ہپ ہاپ کی اصل روح، انداز اور توانائی سے روشناس کرایا۔اسپاٹیفائی کے پاکستان و مراکش کے مارکیٹنگ منیجر طلحہ ہاشم نے کہا، ''ہپ ہاپ اب پاکستان میں کوئی محدود صنف نہیں رہی، بلکہ یہ نوجوان نسل کی آواز بن چکی ہے۔

اسپاٹیفائی اس رجحان کو نوجوانوں میں پیش کررہا ہے کیونکہ یہ سب سے زیادہ وہیں پروان چڑھتا ہے۔ یہ محض ایک تقریب نہیں، بلکہ ایک بڑی تبدیلی ہے جو آواز، تخلیق اور شناخت کو یکجا کرتی ہے۔''تقریب میں مختلف دلچسپ سرگرمیاں بھی شامل تھیں، جہاں طلبا کے سامنیBlend اور daylist جیسے فیچرز کے ذریعے یہ بات سامنے آئی کہ موسیقی کس طرح مختلف ذوق اور مزاج رکھنے والے افراد کو ایک دوسرے سے جوڑتی ہے۔

اس حوالے سے خصوصی انتظامات، فوٹو اسپیسز اور آن گرانڈ سرگرمیوں نے لمز کیمپس کو ہپ ہاپ کلچر کے مرکز میں بدل دیا۔ لاہور کے کئی مشہور تخلیق کاروں نے بھی اس تقریب میں شرکت کی اور اپنے پلیٹ فارمز کے ذریعے اس تجربے کو ملک بھر کے شائقین کے سامنے لے کر آئے۔ایسے اقدامات کے ذریعے اسپاٹیفائی نہ صرف پاکستان میں موسیقی کو پیش کرنے والے سب سے بڑے پلیٹ فارم کے طور پر اپنی پوزیشن مستحکم کر رہا ہے بلکہ مقامی گلوکاروں اور مستقبل ثقافتی رجحانات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔