آزاد کشمیر میں مون سون کی قومی شجر کاری مہم کا آغاز

جمعرات 21 اگست 2025 20:50

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) آزاد کشمیر میں مون سون کی قومی شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے نیو سیکرٹیریٹ چھتر مظفرآباد کے سبزہ زار میں پودا لگا کر قومی شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کو سیکرٹری جنگلات انصر یعقوب نے مون سون کی قومی شجرکاری مہم پر تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ کلائمیٹ چینج کے منفی اثرات دنیا بھر میں رونما ہو رہے ہیں، آزادکشمیر بھی اس کی لپیٹ میں ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے کیلئے واحد چارہ کار شجرکاری ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے مذکورہ پروگرام کو نظر ثانی کے بعد پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام میں شامل کیا جانا انتہائی خوش آئند ہے جس پر میں حکومت پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ گرین پاکستان پروگرام کی عوامی پذیرائی کیلئے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ یاد رہے رواں سال کے دوران شجرکاری مہم کے تحت محکمہ جنگلات نے 12 لاکھ پودہ جات تقسیم کئے ہیں جبکہ اب تک محکمہ جنگلات تجدید ڈویژن کے زیر اہتمام 14 لاکھ پودے لگائے گئے ہیں۔