کیلیفورنیا سینیٹ میں پاکستان سے اظہاریکجہتی، تاریخی قرارداد متفقہ طورپرمنظور

جمعرات 21 اگست 2025 21:06

کیلیفورنیا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء)امریکی ریاست کیلیفورنیا کی سینیٹ نے پاک امریکا تعلقات اور ریاست کی معیشت، معاشرت و ثقافت میں پاکستانی نڑاد کمیونٹی کی شاندار خدمات کے اعتراف میں ایک تاریخی قرارداد متفقہ طورپرمنظور کرلی۔یہ قرارداد سینیٹرمیلیسا ہرٹاڈو کی جانب سے متعارف کروائی گئی جنہوں نے پاکستانی ثقافت سے اظہاریکجہتی کرتے ہوئے روایتی لباس زیب تن کیا اورہاتھوں پرمہندی لگا کرسینیٹ اجلاس میں شرکت کی، وہ سینیٹ کی سب سے کم عمر خاتون رکن اورسینیٹ کمیٹی برائے زراعت کی چیئرمین بھی ہیں۔

(جاری ہے)

قرارداد میں نہ صرف پاک امریکا دیرینہ تعلقات کوسراہا گیا بلکہ کیلیفورنیا جیسی عالمی معیشت میں پاکستانی نژاد امریکیوں کے کردارکا بھی باقاعدہ اعتراف کیا گیا۔قرارداد نوجوان نسل کی اپنی ثقافت سے جڑے رہنے کی اہمیت اورپاکستان کی نمائندگی کرنے والی تنظیموں و شخصیات کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔پاکستانی سفیررضوان سعید شیخ نے سینیٹ میں موجودگی کے دوران قرارداد کی منظوری پرہرٹاڈو اور کونسل آف پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اوراسے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی پرپاک امریکا مضبوط تعلقات کا مظہرقراردیا۔