آزاد کشمیر میں’ را ‘کی تخریبی سرگرمیاں بے نقاب

جمعرات 21 اگست 2025 21:31

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء)بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کی پاکستان کیساتھ آزاد کشمیر میں بھی تخریبی سرگرمیاں بے نقاب ہو گئیں، بھارت اپنے جاسوسی نیٹ ورک کے ذریعے آزاد جموںوکشمیر کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں لگا ہوا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سیکورٹی حکام اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ’’را ‘‘ پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے حوالے سے ایک گھنائونی تاریخ رکھتی ہے ۔

’’را‘‘ معاشی مشکلات اور دیگر کمزوریوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نوجوانوں کو جاسوسی پر آمادہ کرنے یا مالی فوائد کے عوض حساس معلومات حاصل کرنے کا گھنائونا کام کر رہی ہے ، وہ اپنی جاسوسی کارستانیوں کے ذریقے مذہبی مقامات، عوامی اجتماعات اور دفاعی نوعیت کی حامل تنصیبات کو نشانہ بنا رہی ہے اور بلوچستان اور کے پی کے کی طرح آزادخطے میں بھی بدامنی کے بیج بونے اور عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش رہی ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق سیکورٹی اداروں نے راولاکوٹ میں ایک ایسے ہی نوجوان کو گرفتار کیا ہے جو ’’را‘‘ کیلئے جاسوسی کا کام کرتا رہا ہے ۔ اطلاعات ہیں کہ گرفتار نوجوان نے ہی مظفر آباد کی ایک مسجد کی لوکیشن ’’را‘‘ کو فراہم کی تھی جسے رواں برس مئی میں بھارت نے میزائل کے ذریعے نشان بنایا تھا۔بھارت دراصل مقبوضہ جموںو کشمیر میں اپنے جبر استبداد پر پردہ ڈالنے کیلئے آزاد جموںو کشمیر کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوششوں میں لگا ہوا ہے ۔

مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھارتی بیانیے کو دنیا مسترد کر چکی ہے جس کی وجہ سے وہ سخت بوکھلاہٹ کا شکار ہے ۔ وہ بے انتہا جبر کے باوجود کشمیریوں کو تحریک آزادی کے راستے سے ہٹانے میں ناکام ہو چکا ہے لہذا وہ اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے آزاد کشمیر کو بھی عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتاہے۔