صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے ایک انقلابی اقدام اٹھایا ہے،ڈاکٹر شفقت ایاز

جمعرات 21 اگست 2025 20:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) معاونِ خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبر پختونخوا ڈاکٹر شفقت ایازنے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے بانی پی ٹی آئی اور وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈاپور کے وژن کے تحت صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے ایک انقلابی اقدام اٹھایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے بیان میں کیا۔

تر جمان محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق معاونِ خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز کی نگرانی میں پشاور آئی ٹی پارک میں جدید سہولیات کی فراہمی کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت نوجوان اور ماہرین محض 24 گھنٹوں کے اندر اپنی سافٹ ویٔر اور آئی ٹی کمپنی رجسٹر کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شفقت ایاز نے اپنے بیان میں کہا کہ پشاور آئی ٹی پارک کو صوبے کے نوجوانوں کے لیے ایک ایسا مرکز بنایا جا رہا ہے جہاں نہ صرف کاروبار کی جدید سہولیات دستیاب ہوں گی بلکہ تخلیقی صلاحیتوں کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے عملی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے آئی ٹی کمپنیوں کے لیے کرایوں میں 25 فیصد سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ، جدید بینڈوڈتھ، مکمل طور پر فرنشڈ کو ورکنگ اسپیسز اور آئی ٹی کمپنیوں کے لیے مخصوص دفاتر کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ مزید یہ کہ سی ایکس او ٹریننگ، سرٹیفکیشن اور کمپنی سرٹیفکیٹ پروگرامز کے ذریعے نوجوانوں کو عالمی معیار کے مطابق اپنی مہارت بڑھانے کا موقع دیا جائے گا۔

ڈاکٹر شفقت ایاز نے اس بات پر زور دیا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے آئی ٹی پارک کی 30 فیصد اسپیسز خواتین، خصوصی افراد اور خواجہ سرا کمیونٹی کے لیے مختص کی ہیں تاکہ معاشرے کے تمام طبقات کو مساوی مواقع میسر آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام صوبے کے ڈیجیٹل فیوچر کی طرف ایک اہم پیش رفت ہے جس سے نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ خیبرپختونخوا آئی ٹی کے شعبے میں ایک نمایاں اور منفرد مقام بھی حاصل کرے گا۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس سنہری موقع سے فوری فائدہ اٹھائیں اور اپنی آئی ٹی کمپنی رجسٹر کر کے خیبرپختونخوا کے ڈیجیٹل فیوچر کا حصہ بنیں۔خیبرپختونخوا حکومت اس بات پر پُرعزم ہے کہ صوبے کے نوجوانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے تاکہ وہ نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ عالمی منڈی میں بھی اپنا لوہا منوا سکیں۔ حکومت کا یہ عزم ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے ذریعے خیبرپختونخوا کو ڈیجیٹل پاکستان کی بنیاد بنایا جائے گا۔