قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکریٹریٹ کا اجلاس، نیپرا پر بطور نگران ادارہ زیادہ فعال کردار ادا کرنے پر زور

جمعرات 21 اگست 2025 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکریٹریٹ نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) پر زور دیا ہے کہ وہ بطور نگران ادارہ زیادہ فعال کردار ادا کرے تاکہ عوام کو بجلی کی بہتر اور بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔کمیٹی کا اجلاس چیئرمین ملک ابرار احمد، رکن قومی اسمبلی، کی زیر صدارت نیپرا ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ہوا۔

اجلاس میں نیپرا کے بطور ریگولیٹر کارکردگی، گردشی قرضے میں کمی کے اقدامات، شکایات کے ازالے کا نظام اور صارفین کو سستی بجلی کی فراہمی جیسے اہم معاملات زیر غور آئے۔ کمیٹی نے بجلی کے شعبے کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے پر زور دیا تاکہ عوام کو سستی اور بلا رکاوٹ بجلی فراہم ہو سکے۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے تشویش کا اظہار کیا کہ تقسیم کار کمپنیاں صارفین کی شکایات بالخصوص قدرتی آفات کے دوران نظرانداز کرتی ہیں، جب کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور غلط بلنگ عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈال رہی ہیں۔

اس موقع پر کمیٹی نے ہدایت کی کہ نیپرا ڈسکوز کی کارکردگی پر کڑی نظر رکھے، ریگولیٹری فریم ورک پر عملدرآمد کو یقینی بنائے اور حالیہ بارشوں و سیلاب سے متاثرہ بجلی کے ڈھانچے کی بحالی کا عمل تیز کرے۔ کمیٹی نے واضح کیا کہ تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی سخت مانیٹرنگ ہی صارفین کو معیاری اور شفاف خدمات فراہم کرنے کا واحد راستہ ہے۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے نیپرا کے رکن ٹیکنیکل نے بتایا کہ نیپرا ناقص کارکردگی دکھانے والی کمپنیوں کو جرمانہ کر رہا ہے اور صارفین اپنی شکایات مفت ڈیجیٹل ایپلیکیشن کے ذریعے درج کر سکتے ہیں۔

کمیٹی نے سول سرونٹس ایکٹ 1973 میں ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ ملازمت سے متعلق دو پرائیوٹ بلز پر غور آئندہ اجلاس تک مؤخر کر دیا۔اجلاس میں متعدد اراکین قومی اسمبلی، بل کے محرکین، کابینہ ڈویژن و اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے سینئر افسران اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔