فاروق عبداللہ کاسارک تنظیم کی بحالی کا مطالبہ، مودی حکومت پاکستان کے ساتھ امن اقدامات شروع کرے

جمعرات 21 اگست 2025 22:40

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹرفاروق عبداللہ نے جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون تنظیم ''سارک''کی بحالی پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی سے کہاہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ امن اقدامات دوبارہ شروع کریں۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فاروق عبداللہ نے صحافی شاہد صدیقی کی یادداشت ''آئی وٹنس انڈیا ،نہرو سے نریندر مودی تک'' کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے روسی صدر ولادیمیر پوٹن کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ بات چیت اور اس کے بعد یورپی رہنمائوں اور یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں سمیت عالمی سفارت کاری کی مثالیں پیش کیں ۔

فاروق عبداللہ نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم کو بھی امن کیلئے جرات مندانہ اقدامات کرنے پڑیں ۔انہوں نے کہاکہ سارک تنظیم کی بحالی کا وقت آ گیا ہے۔ ہمیں جرات منانہ ا قدامات کرنے چاہیے اور پوری دنیا کے امن کے لیے امن کا راستہ تلاش کرنا چاہیے۔1985میں قائم ہونے والی سارک کا آخری سربراہی اجلاس 2014میں منعقد ہوا تھا، جس کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے تنظیم غیر فعال ہے ۔