مہاراشٹر، فارماسیوٹیکل کمپنی میں گیس لیکج، 4 ہلاک، 2 زخمی

ْانتظامیہ نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ گیس لیکج کی اصل وجہ کا پتہ لگایا جا سکے

جمعہ 22 اگست 2025 17:42

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)بھارت کی ریاست مہاراشٹر کے ضلع پالگھر میں ایک بڑی فارماسیوٹیکل کمپنی میں نائٹروجن گیس کے اخراج سے افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں کم از کم 4 مزدور ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ حادثہ پالگھر کے صنعتی علاقے میں واقع میڈلے فارما کمپنی میں پیش آیا۔

(جاری ہے)

مقامی انتظامیہ کے مطابق واقعے کے وقت فیکٹری میں متعدد مزدور کام کر رہے تھے تاہم اس کی حتمی تعداد تاحال واضح نہیں ہو سکی۔

پالگھر کے ڈپٹی کلیکٹر سبھاش بھگڑے نے بتایا کہ واقعہ نائٹروجن گیس کے اچانک اخراج کے باعث پیش آیا۔ گیس کے اخراج کے بعد فیکٹری کو فوری طور پر بند کر دیا گیا ہے جبکہ امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔انتظامیہ نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ گیس لیکج کی اصل وجہ کا پتہ لگایا جا سکے۔ دوسری جانب کمپنی کی جانب سے فوری طور پر کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔