جموں وکشمیر تنظیم نو ترمیمی بل جمہوریت کو کچلنے کی ایک کوشش ہے ،سریندر چوہدری

جمعہ 22 اگست 2025 17:53

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے ہندوتوا بھارتیہ جنتا پارٹی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ مودی حکومت کی طرف سے متعارف کرایاگیا جموںو کشمیر تنظیم نو ترمیمی بل جمہوریت کو کچلنے کی ایک کوشش ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سریندر چودھری نے پلوامہ کے علاقے لاسی پورہ میں انڈسٹریل گروتھ سینٹر کا دورے کے دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اس قانون کا موازنہ برصغیر میں ایسٹ انڈیا کمپنی کے داخلے سے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ایسٹ انڈیا کمپنی نے برصغیر آکر وہاں 200 سال حکومت کی،بی جے پی انہی حربوں کو دہرانے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے مودی حکومت کی طرف سے وزیروں کو 30دن کیلئے جیل کرحزب اختلاف کی منتخب حکومتوں کو گرانے کیلئے متعارف کرائے گئے بل کو غیر جمہوری قراردیا۔انہوں نے کہا کہ یہ بل جمہوریت کو کچلنے کی ایک کوشش ہے۔تاہم انہوںنے کہاکہ عوام مودی حکومت کو ملک میں جمہوریت کو پامال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔عوامی خدشات کو تسلیم کرتے ہوئے نائب وزیراعلیٰ نے کہاکہ جموں و کشمیر کی ریاستی شناخت ختم ہونے کے بعد ترقی کا عمل سست پڑ گیا ہے۔