این ای ڈی یونیورسٹی اور لوک سہائتا کے اشتراک سے ایس ٹی ای ایم ٹیلنٹ سرچ منصوبے کا افتتاح

جمعہ 22 اگست 2025 18:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)این ای ڈی یونیورسٹی کے ایس ٹی ای ایم سینٹر اور لوک سہائتا کے اشتراک سے ایس ٹی ای ایم ٹیلنٹ سرچ منصوبے کی افتتاحی تقریب کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں پولیس کے اعلی افسران، ماہرین تعلیم، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور قومی ترانے سے ہوا جس کے بعد تعارفی وڈیوز اور پروجیکٹ کی بریفنگ پیش کی گئی۔ اس موقع پر نامور ماہر طبیعیات ڈاکٹر پرویز ہودبھائی نے خطاب میں کہا کہ اگر ہم نظام میں تبدیلی سے گریز کریں گے تو قوم ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جائے گی۔ پاکستان کے نوجوانوں کو عالمی سطح پر مقابلے کے قابل بنانے کے لیے سائنس اور ٹیکنالوجی کا فروغ ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

نوبیل انعام یافتہ سائنس دان ڈاکٹر عبدالسلام کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں مذہبی تنگ نظری سے بالاتر ہوکر علمی کارناموں پر فخر کرنا ہوگا۔ عظیم سائنسدان کا ذکر کرنے سے ہچکچانے کے بجائے ان کی خدمات پر فخر کرنا چاہیے۔ چیئرمین لوک سہائتہ ٹرسٹ سید پیر محمد شاہ نے کہا کہ پاکستان کے بچوں کو تحقیق اور ایجادات کے ذریعے دنیا میں نمایاں مقام دینا وقت کی ضرورت ہے۔

ایسا سسٹم بنانا چاہتے ہیں کہ ہمارے نوجوانوں کو ہنر آئے اور روزگار کے مواقع ملیں۔ تقریب میں این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر نعمان احمد نے بھی خطاب کیا اور اس اقدام کو پاکستان میں سائنسی جستجو اور جدت پسندی کو فروغ دینے کا سنگ میل قرار دیا۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان کو نوجوان نسل کی تخلیقی صلاحیتوں اور سائنسی رجحان کو پروان چڑھانے کے لیے اس نوعیت کے پلیٹ فارمز فراہم کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ ملک کو علم پر مبنی معیشت کی طرف لے جایا جاسکے۔

اس موقع پر آن لائن پورٹل لانچ اور لائیو ڈیمو بھی پیش کیا گیا جس کے ذریعے تین ماہ تک پاکستان بھر کی جامعات اور بیرون ملک زیر تعلیم پاکستانی طلبہ اپنے سائنسی آئیڈیاز جمع کرا سکیں گے۔ ان آئیڈیاز کو ماہرین تعلیم، سائنس دانوں اور صنعتی ماہرین پر مشتمل پینل جانچے گا اور منتخب امیدواروں کو انٹرویوز کے بعد آٹھ ماہ کے مینٹورشپ پروگرام میں شامل کیا جائے گا جہاں ان کی رہنمائی ماہرین کریں گے۔

یہ سلسلہ اگست 2026 میں کراچی میں منعقدہ گرینڈ فائنل پر مکمل ہوگا جہاں قومی سطح کا سائنس و انجینئرنگ فیئر منعقد کیا جائے گا جس میں نمایاں منصوبے پیش کیے جائیں گے اور عوام، طلبہ، اساتذہ اور صنعت سب کے لیے کھلا ہوگا۔ فیئر کے دوران شاندار انعامات بھی دیے جائیں گے جن میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم اور ان کی جامعہ کو دس لاکھ روپے اور ٹرافی، دوسری پوزیشن کے لیے پانچ لاکھ روپے اور ٹرافی جبکہ تیسری پوزیشن پر ڈھائی لاکھ روپے اور ٹرافی دی جائے گی۔ تقریب کے آخر میں گروپ فوٹو ہوا اور شرکا میں یادگاری شیلڈز تقسیم کی گئیں جبکہ ماہرین نے اس اقدام کو نوجوانوں کی سائنسی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ایک تاریخی قدم قرار دیا۔