یونیورسٹی آف تربت اور نیشنل کمیشن برائے ہیومن ڈویلپمنٹ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے گئے

جمعہ 22 اگست 2025 19:25

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) یونیورسٹی آف تربت اور نیشنل کمیشن برائے ہیومن ڈویلپمنٹ (این سی ایچ ڈی) کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے، جس کا مقصد تعلیم اور انسانی ترقی کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات میں تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔ ان اقدامات میں “Each One Teach One” خواندگی مہم اور دیگر تعلیمی و سماجی ترقیاتی پروگرام شامل ہیں۔

یہ پروگرام وزیراعظم کے تعلیمی ایمرجنسی 2024 کا حصہ ہے۔ایم اویوپردستخط کرنے کی تقریب یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر یونیورسٹی آف تربت کے رجسٹرار، گنگزار بلوچ اور این سی ایچ ڈی کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد افضل نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ تقریب میں یونیورسٹی کے ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز اعجاز احمد، این سی ایچ ڈی کیچ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لٹریسی عبدالسلام اور فیلڈ آفیسراعجاز احمد بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مفاہمتی یادداشت کے تحت این سی ایچ ڈی، یونیورسٹی آف تربت کو خواندگی کے منصوبوں اور پروگراموں پر عملدرآمد کے لیے تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔ اس شراکت داری کا مقصد طلبہ و طالبات کی مہارتوں اور صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کے علاوہ ان کے لیے انٹرن شپس اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا بھی ہے۔ایم او یو کے تحت دونوں ادارے تحقیقی مواد کے تبادلے، ورکشاپس اور کانفرنسوں کے انعقاد، مشترکہ تحقیقی منصوبوں کے آغاز، اور طلبہ، فیکلٹی اور عملے کو رضاکارانہ خدمات اور کمیونٹی سروسز میں حصہ لینے کی ترغیب دیں گے۔

سمجھوتے کے مطابق یونیورسٹی آف تربت اور این سی ایچ ڈی تعلیم، سماجی بہتری اور معاشی ترقی کے پروگراموں کی منصوبہ بندی اور ان پر عملدرآمد کے لیے باہمی تعاون کریں گے جبکہ پاکستان میں انسانی ترقی کے اشاریوں کو بہتر بنانے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ 19 اگست 2025 کووائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرگل حسن کی صدارت میں منعقدہ تربت یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل کے سترھویں اجلاس میں وزیراعظم کے خواندگی پروگرام “Each One Teach One” پر عملدرآمد کی باضابطہ منظوری دی گئی تھی۔