صدرمملکت آصف علی زرداری کو پانچ ممالک کے سفراء نے سفارتی اسناد پیش کیں

جمعہ 22 اگست 2025 22:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) صدر مملکت آصف علی زرداری نے تجارت، معیشت اور ثقافت کے شعبوں میں سری لنکا، انڈونیشیا، کرغزستان، آسٹریا اور جرمنی کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار ایوانِ صدر میں منعقدہ تقریب کے دوران سری لنکا کے ہائی کمشنر اور انڈونیشیا، کرغزستان، آسٹریا اور جرمنی کے سفیروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے صدر مملکت سے ملاقات کی اور اپنی سفارتی اسناد پیش کیں۔

سری لنکا کے ہائی کمشنر ریئر ایڈمرل ایچ ایل اے ڈون فریڈ سینی ویرانٹے، انڈونیشیا کے سفیر/آسیان ممالک کے چیئرمین چندرا وار سینانتو، کرغزستان کے سفیر کلیچ بیک سلطان، آسٹریا کے سفیر وولف گینگ اولیور کٹشیرا اور جرمنی کی سفیر ائنا روتھ لوئس لیپل نے اپنی اسناد سفارت صدر مملکت آصف علی زرداری کے حوالے کیں۔

(جاری ہے)

سفیروں کی آمد پر مسلح افواج کے ایک دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ صدر مملکت نے ہائی کمشنر اور سفیروں کو ان کے نئے ذمہ داریوں پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ پاکستان میں ان کا قیام دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون کو وسیع بنانے میں مددگار ثابت ہو گا۔