علیمہ خان کے بیٹے کو پکڑا گیا جس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں،اسد قیصر

علیمہ کے بیٹے کی پی ٹی آئی کے کسی بھی ایونٹ میں کوئی تصویر تک نہیں، جس طرح اغواء کیا گیا، اس سے پتہ چلتا ہے کہ ریاست ماں کے جیسی نہیں ، بیان

جمعہ 22 اگست 2025 23:07

علیمہ خان کے بیٹے کو پکڑا گیا جس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں،اسد قیصر
اسلام آبا د(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)تحریکِ انصاف کے رہنما و سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ علیمہ خان کے بیٹے کو پکڑا گیا جس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں تھا، ان کے بیٹے کی پی ٹی آئی کے کسی بھی ایونٹ میں کوئی تصویر تک نہیں، جس طرح اغواء کیا گیا، اس سے پتہ چلتا ہے کہ ریاست ماں کے جیسی نہیں ہے۔جاری کیے گئے بیان میں انہوں نے کہا کہ ظلم و جبر کا نظام ہے، قانون کا کوئی احترام نہیں، عدالتوں میں وہ سکت نہیں رہی کہ شہریوں کو محفوظ رکھ سکیں، علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیر شاہ کو اغواء کیا گیا۔

(جاری ہے)

اسد قیصر نے کہا کہ مریم نواز بتائیں جس طرح پنجاب پولیس کر رہی ہے یہ آپ کی ذمے داری ہے، اتنا ظلم کریں، جتنا کل برداشت کر سکیں، اب تمام راستے اور حدود کراس کر دی گئی ہیں۔انہوںنے کہاکہ چیف جسٹس پاکستان سے مطالبہ ہے عدلیہ ہمیں میرٹ کے مطابق انصاف دے، جو 8 دن کا ریمانڈ دیا گیا ہے، کس بنیاد پر دیا گیا ہی واضح ہو گیا ہے کہ یہ سب کچھ حکومت کی ایماء پر ہو رہا ہے۔اسد قیصر نے کہاکہ پنجاب کی فاشسٹ حکومت کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے، اسمبلی میں بھی آواز اٹھائیں گے، آپ کے حربوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں، ہم اپنی تحریک کو آگے بڑھائیں گے اور ظلم کی تاریک رات جلد ختم ہو گی۔