ایشین ڈویلپمنٹ بینک ریلوے نظام کی اپ گریڈنگ کیلئے فنڈ زفراہم کریگا

کراچی تاروہڑی 500 کلومیٹر ٹریک کی اپ گریڈنگ کیلئی2 ارب ڈالر کی مالی معاونت کیلئے پیشرفت جاری

ہفتہ 23 اگست 2025 12:15

ایشین ڈویلپمنٹ بینک ریلوے نظام کی اپ گریڈنگ کیلئے فنڈ زفراہم کریگا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2025ء)ایشین ڈویلپمنٹ بینک پاکستان کے خستہ حال ریلوے نظام کی اپ گریڈنگ کے لیے فنڈ زفراہم کرے گا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایشین ڈویلپمنٹ بینک اس وقت کراچی سے روہڑی تک 500 کلومیٹر ریلوے لائن کی اپ گریڈنگ کے لیے 2 ارب ڈالر کی مالی معاونت کا انتظام کرنے کے حتمی مراحل میں ہے جبکہ اس سے قبل اس منصوبے کے لئے چین نے مالی معاونت کرنا تھی ۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ اپ گریڈنگ فوری نوعیت اختیار کر گئی ہے کیونکہ اس کا مقصد کینیڈین کمپنی بیرک مائننگ کارپوریشن کی جانب سے تیار کیے جانے والے ریکی ڈیک منصوبے سے تانبے کی نقل و حمل کو ممکن بنانا ہے۔ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے اس مالیاتی پیکج کی براہِ راست تصدیق نہیں کی ۔

(جاری ہے)

اے ڈی بی نے غیر ملکی خبررساں ایجنسی کو جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ کسی بھی حتمی منظوری اور ممکنہ معاونت کا انحصار مکمل جانچ پڑتال اور اے ڈی بی کی پالیسیوں اور طریقہ کار کے تحت غور و خوض پر ہوگا۔

ذرائع کے مطابق یہ معاہدہ رواں ماہ کے آخر تک متوقع ہے جس کے تحت اے ڈی بی ایک کنسورشیم کی قیادت کرے گا جو منصوبے کے لیے مالی معاونت فراہم کرے گاجبکہ بین الاقوامی انجینئرنگ کنٹریکٹر کو مقابلہ جاتی بولی کے ذریعے کام سونپا جائے گا۔