طوفانی بارشوں کے باعث کراچی ڈوب گیا، مختلف علاقوں میں 17 ہلاک ہوئے ہیں، سینیٹر محمد عبدالقادر

بیشتر علاقوں میں دو روز سے بجلی معطل ہونے سے شہریوں کی تکلیفوں میں بے انتہا اضافہ ہوا، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار

جمعہ 22 اگست 2025 20:20

غ*کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اگست2025ء) چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ دو روز کی طوفانی بارشوں کی وجہ سے ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی ڈوب گیا. بارشوں کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں 17 ہلاکتیں ہوئیں. 2 لاکھ سے زائد گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا جس سے شہری اور صوبائی حکومتوں کی نااہلی کھل کر سامنے آ گئی ہزاروں گھروں کو شدید نقصان ہوا بجلی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا بیشتر علاقوں میں دو روز سے بجلی معطل ہونے سے شہریوں کی تکلیفوں میں بے انتہا اضافہ ہوا شہری اور صوبائی حکومتیں بھی معطل اور بے بس نظر آ رہی ہیں شدید بارشوں سے نمٹنے کیلئے شہری انتظامیہ اور صوبائی حکومت کی کہیں کوئی تیاری نظر نہیں آئی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے کراچی میں کوئی نظام دیکھنے کو نہیں ملا کراچی ملک کا سب سے بڑا آبادی والا شہر ہے کراچی کے لوگ سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرتے ہیں لیکن اس کے بدلے میں انہیں بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہی. پچاس برس پہلے بھی کراچی کی یہی حالت تھی اور آج بھی اس شہر کا کوئی پرسان حال نہیں تمام ذمہ داران زبانی جمع خرچ سے عوام کو سستی تسلیاں دیتے نظر آتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادرنے مزید کہا ہے کہ دنیا کے 10 ممالک ایسے ہیں جہاں پر 270 سی360 ملی میٹر سے زیادہ بارشیں ہوتی ہیں مگر نظام زندگی مفلوج نہیں ہوتا۔ ان ممالک میں ملائیشیا، انڈونیشیا، بالی پانامہ، سمووا، برونائی، کوسٹاریکا، سولومن آئیلینڈ، پاپوا نیو گنی، سینڈ ٹومے اور پرنسپی شامل ہیں۔

ان ممالک میں پورے سال مون سون کا سیزن جاری رہتا ہے۔ ان ممالک کے لوگ بارشوں کو خدا کی رحمت سمجھتے ہیں نہ کہ زحمت۔ ان بارشوں کی وجہ سے ان ممالک کے کاروبار میں ترقی اور سیاحت میں بے انتہا اضافہ ہوتا ہے۔ ان ممالک میں گھنٹوں موسلا دھار بارش ہوتی ہے مگرآدھے گھنٹے بعد یہ پتہ ہی نہیں چلتا کہ یہاں اتنی تیز بارش ہوئی ہے، نہ ہی بارش کے دوران اور بارش کے بعد سڑکوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں نظر آتی ہیں۔

پاکستان کے تمام بڑے شہروں بالخصوص کراچی میں 70 سے 160 ملی میٹر بارش تباہی مچا دیتی ہے اور نظام زندگی مفلوج ہو جاتا ہے، بجلی کا نظام درہم برہم ہو جاتا ہے حیرت انگیز طور پر دنیا کے ان 10 ممالک میں جہاں پر پورے سال مون سون کا سیزن برقرار رہتا ہے، کئی کئی گھنٹے وسلا دھار بارش ہوتی ہے مگر نظام زندگی نارمل جاری رہتا ہے، نہ ہی سڑکوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں نظرآتی ہیں اور نہ ہی کئی کئی یوم بجلی منقطع رہتی ہے۔ ان ممالک میں بے انتہا ہریالی اور سبزہ ہے اور نہ ہی وہاں جنگلات کاٹنے کا مافیا موجود ہے جو جنگلوں کو کاٹے۔