آسام،بی جے پی حکومت نے اڈانی گروپ کو فیکٹری کیلئے 81 ملین مربع فٹ اراضی الاٹ کر دی

جمعہ 22 اگست 2025 21:40

گوہاٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) ریاست آسام میں بی جے پی حکومت نے اڈانی گروپ کو سیمنٹ فیکٹری کے لیے 3000 بیگھہ (81 ملین مربع فٹ) قبائلی اراضی الاٹ کر دی ہے ۔ الاٹ منٹ کا معاملہ دارلحکومت گوہاٹی ہائی کورٹ میں چلا گیا ہے جس نے آسام حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ اراضی آسام کے دیما ہاساو ضلع میں نیو لونگکو کرو گاو ¿ں کے قریب واقع ہے اور اڈانی گروپ کی حمایت یافتہ مہابل سیمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کو لیز پر دی گئی ہے۔

اس معاملے نے آسام میں غم وغصے کو جنم دیا ہے اور یہ ایک گرما گرم سیاسی مسئلہ بن گیا ہے۔ عدالت نے سوال اٹھا یا ہے کہ آخر حکومت نے ایک بڑا قطعہ اراضی سیمنٹ فیکٹری کے لیے کیوں کر الاٹ کیا ، یہ مفاد عامہ کا معاملہ ہے۔

(جاری ہے)

مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ بی جے پی حکومت عوامی فلاح و بہبود کی قیمت پر کارپوریٹ سیکٹر کو سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

انہوںنے کہا کہ بڑے بڑے سرمایہ داروں کو فائدہ پہنچانے کیلئے قانون و قاعدے کو بالائے طاق رکھا جا رہا ہے ، عام شہریوں اور چھوٹے کاروباریوں کو نظر انداز کر کے بھارت کی جمہوری بنیادوں کو کمزور کیا جا رہا ہے۔ماہرین ماحولیات، مقامی کمیونٹیز اور قانونی ماہرین نے سنگین خدشات کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ سیمنٹ فیکٹری کیلئے زمین کی الاٹمنٹ سے علاقے میں آلودگی بڑھے گی اور ماحولیاتی توازن کو خطرہ لاحق ہوگا ۔ غریب لوگ بے گھر کر دیے جائیں گے اور انصاف و قانون کے ساتھ کھلواڑ کیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ یہ معاملہ مودی حکومت کی پریشان کن معاشی پالیسیوں کا غماز ہے، بی جے پی حکومت پائیدار ترقی کو پس پشت ڈالتے ہوئے غیر متناسب طور پر کارپوریٹ گروہوں کی حمایت کرتی ہے۔