پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور اگلے بائیس برس انتہائی اہم ہیں‘احسن اقبال

ہفتہ 23 اگست 2025 19:07

پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور اگلے بائیس برس انتہائی اہم ہیں‘احسن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اگست2025ء)منصوبہ بندی ، ترقی واصلاحات کے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور اگلے بائیس برس انتہائی اہم ہیں۔ وزیرِ مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں نوجوانوں کا کردار نہ صرف فرقہ واریت کا خاتمہ کر سکتا ہے بلکہ عالمی سطح پر ایک مضبوط، پرامن اور ترقی یافتہ پاکستان کے قیام کی بنیاد بھی رکھ سکتا ہے۔

اسلامک ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں ایک اہم سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کا موضوع تھا ابھرتے ہوئے پاکستان میں نوجوانوں کا کردار بطور عالمی رہنما ۔ یہ پروگرام پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر پرچم کشائی اور کیک کاٹنے کی پروقار تقریب سے شروع ہوا۔

(جاری ہے)

تقریب کا انعقاد انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی اور وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے مشترکہ تعاون سے کیا گیا۔

سیمینار میں وزیرِ مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے بطور گیسٹ آف آنر اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے چیف گیسٹ کے طور پر شرکت کی۔ تقریب کے دوران کتب نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا جس کا مقصد علم و دانش کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ پروفیسر احسن اقبال نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور اگلے بائیس برس انتہائی اہم ہیں۔

انہوں نے نوجوانوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے پائیدار امن، قومی یکجہتی، اور فرقہ واریت کا خاتمہ ضروری ہے۔وزیرِ مملکت وجیہہ قمر اور دیگر مقررین نے نوجوانوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں نوجوانوں کا کردار نہ صرف فرقہ واریت کا خاتمہ کر سکتا ہے بلکہ عالمی سطح پر ایک مضبوط، پرامن اور ترقی یافتہ پاکستان کے قیام کی بنیاد بھی رکھ سکتا ہے۔ اس تقریب میں طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس سے اس بات کا عکاس ہوا کہ پاکستان کی نوجوان نسل اپنے مستقبل کے لیے پٴْرعزم اور تعلیم میں محنت کو اپنا مقصد بنائے ہوئے ہے۔