بلوچستان کے مسئلے کو طاقت کی بجائے سیاسی حل سے سلجھایا جائے ،زاہد احمد ناروئی

ہفتہ 23 اگست 2025 22:33

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2025ء)جمہوری وطن پارٹی کے مرکزی ترجمان زاہد احمد ناروئی نے کہا ہے بلوچستان پاکستان کا سب سے بڑا مگر سب سے کم آبادی والا صوبہ ہے، جس کی سیاسی و سماجی تاریخ ہمیشہ خودمختاری، وسائل پر اختیار اور قبائلی ڈھانچے کے گرد گھومتی رہی ہے۔ آزادی کے بعد بلوچستان کے ساتھ جو ناانصافی؛ سیاسی و انتظامی رویہ اختیار کیا گیا، جس کے نتائج آج ساری دنیا کے سامنے ہیں ۔

26 اگست کو بلوچستان میں ہر سال یومِ سیاہ منایا جاتا ہے یہ دن اس سانحے کی یاد دلاتا ہے جب 2006 میں ڈکٹیٹر جنرل پرویز مشرف نے اپنی ذاتی انا اور سیاسی ضد کی بنیاد پر بلوچستان کے بزرگ رہنما، جمہوری وطن پارٹی کے بانی، شہید نواب اکبر خان بگٹی کو شہید کیا۔یہاں جا ری کردہ ایک بیان میں جمہوری وطن پارٹی کے مرکزی ترجمان زاہد احمد ناروئی نے کہا ہے کے 26 آگست 2006 کی سیاہی آج تک بلوچستان پر چھائے ہوے ہیں 26اگست وہ سیاہ دن ہے جس کی سیاہی آج تک بلوچستان پر چھائی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ایک آمر نے نواب بگٹی سے ذاتی بنیاد پر بدلہ لیا اور اس کا خمیازہ آج تک پورا بلوچستان بھگت رہا ہے۔ نواب اکبر خان بگٹی کی قربانی ایک ایسی شمع ہے جو ہمیشہ بلوچ قوم کو اپنی شناخت اور حقوق کے لیے جدوجہد کرنے کا حوصلہ دیتی رہے گی۔"انہوں نے کہا کہ نواب محمد اکبر بگٹی جیسے آئینی اور سیاسی رہنماؤں کی شہادت کے بعد اعتماد کی شدید کمی پیدا ہوئی ہے۔ اس خلا کو پر کرنے کے لیے ریاست کو حقیقی مذاکرات کی طرف آنا ہوگا۔ بلوچستان کے مسئلے کو طاقت کے بجائے سیاسی حل سے سلجھایا جائے ورنہ مستقبل میں یہ مسئلہ نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے خطے کے امن اور ترقی کے لیے ایک بڑا خطرہ بن سکتا ہے۔