مرکزی رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے صوابی میں سیلاب متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کیے

کلائمیٹ چینج کی وجہ سے پوری دنیا میں جو مسائل ہیں، ہماری حکومتوں کو چاہیے کہ اس حوالے سے ایمرجنسی اقدامات کرے، اسد قیصر

ہفتہ 23 اگست 2025 20:10

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2025ء) مرکزی رہنما پاکستان تحریک انصاف اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی حاجی رنگیز خان، تحصیل چیئرمین صوابی عطاء اللہ خان، ڈپٹی کمشنر صوابی اور دیگر حکام نے صوبائی حکومت کی جانب سے دالوڑی اور سرکوئی گدون کے حالیہ سیلاب متاثرین میں فی کس بیس، بیس لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم کیے۔

اس موقع پر انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور یقین دلایا کہ حکومت ان مشکل حالات میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور نقصانات کے ازالے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔اس موقع پر اسد قیصر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے حالیہ کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب کے دوران دیگر اداروں اور فلاحی تنظیموں کے ساتھ بہترین کام کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب دوبارہ طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے ڈپٹی کمشنر صاحب تمام اداروں کے ساتھ مل کر پیشگی اقدامات کریں تاکہ مزید کسی بھی قسم کے نقصان سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ جو کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب آیا تھا، ہم نے اپنی زندگی میں ایسا نہیں دیکھا۔ ہم اپنے بھائیوں اور بہنوں کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ بادہ ڈیم کی وجہ سے گدون بڑی تباہی سے بچ گیا کیونکہ اس نے 65 ہزار کیوسک پانی ذخیرہ کیا، جس کی وجہ سے باقی علاقے کے عوام سیلاب سے بچ سکے۔

انہوں نے کہا کہ بادہ ڈیم کے حوالے سے جو بھی پروپیگنڈا کیا گیا، وہ سراسر جھوٹ کا پلندہ ہے۔ بادہ ڈیم ہمارے دور میں شروع ہوا اور نگران حکومت میں مکمل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ڈیم کی تعمیر میں کوئی کوتاہی ہوئی ہے تو اس میں ملوث ہر افسر کو سزا دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بادہ ڈیم کے لیے ہم پلاننگ کر رہے ہیں تاکہ اس سے صاف پینے کے پانی کا بھی بندوبست کیا جا سکے، تاکہ علاقہ گدون میں پانی کا مسئلہ حل ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کے منتخب نمائندے اور ضلعی انتظامیہ آپ کے ساتھ موجود ہیں۔ ہم سب آپ ہی سے ہیں، یہ مشکل ہم سب کی ہے۔ کلائمیٹ چینج کی وجہ سے پوری دنیا مسائل کا شکار ہے، ہماری حکومتوں کو چاہیے کہ اس حوالے سے خود کو تیار کریں اور ایمرجنسی اقدامات کریں۔مزید برآں اسد قیصر نے ضلعی انتظامیہ کو تحصیل ٹوپی، بالخصوص گدون کے مختلف علاقوں میں رابطہ سڑکوں اور پلوں کی فوری مرمت اور بحالی کے لیے ہدایات جاری کیں تاکہ مقامی آبادی کی آمدورفت اور روزمرہ زندگی جلد از جلد معمول پر آ سکے۔