وزیراعظم شہباز شریف کے غذر میں گلوف کے باعث سیلابی صورتحال بننے پر خصوصی احکامات، این ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت

ہفتہ 23 اگست 2025 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے علاقے غذر میں گلوف کے باعث سیلابی صورتحال بننے پر خصوصی احکامات جاری کرتے ہوئے این ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کو غذر کے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے سیلابی صورتحال کے پیش نظر علاقے کے تمام رہائشیوں کو قبل از وقت محفوظ مقامات پر منتقل کرنے پر ریسکیو ٹیموں اور مقامی رضاکاروں کی پذیرائی کی، وزیراعظم نے این ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کو غذر کے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری رکھنے اورامدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ متاثرین کو اگلے اسپیل سے پہلے محفوظ مقامات پر پہنچایا جاسکے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے تمام متعلقہ حکام کو آنے والے دنوں میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر ملک کے زیریں علاقوں میں امدادی کارروائیوں کی مکمل تیاریاں رکھنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ دریاؤں، ندی نالوں اور پانی کی قدرتی گزرگاہوں کے گرد تعمیرات کو روکنے کیلئے قومی سطح پر مہم چلائیں گے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ حالیہ بارشوں و سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد قومی فریضہ ہے، متاثرین کے ریسکیو و امداد کے بعد انکی بحالی کا کام شروع کیا جائے گا۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ تمام متاثرین تک طبی امداد اور امدادی سامان کی فراہمی کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے دریائے سندھ اور ستلج میں گڈو، سکھر، جی ایس والا اور دیگر مقامات پر سیلابی صورتحال کے پیش نظر این ڈے ایم اے کو تمام صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیوں سے رابطہ قائم رکھنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے گلوف کی قبل از وقت اطلاع دینے پر گلگت بلتستان کے علاقے غذر کے رہائشی وصیت خان کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وصیت خان نےاپنی جان جوکھوں میں ڈال کر اپنے گاؤں کے رہائشیوں کو بچانے میں کردار ادا کیا ، قبل از وقت مطلع کرنے کے باعث کسی بھی جانی نقصان سے بچنا ممکن ہوا ۔