اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی اور انسٹیٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان کے درمیان اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط

انٹربورڈ کراچی کے تحت انٹرمیڈیٹ کرنے والے طلبہ کو ICMAپاکستان کی طرف سے مجموعی طور پر 200 وظائف دیئے جائیں گے

جمعرات 28 اگست 2025 13:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی اور انسٹیٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان کے درمیان طلبہ کی اعلیٰ تعلیم، تربیت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے چیف منسٹر سندھ اسکالرشپ پروگرام کے تحت ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے جس کے تحت انٹربورڈ کراچی کے تحت انٹرمیڈیٹ کرنے والے طلبہ کو ICMAپاکستان کی طرف سے مجموعی طور پر 200 وظائف دیئے جائیں گے۔

اس معاہدے کا مقصد انٹرمیڈیٹ طلبہ کو اسکالرشپس، تحقیقی معاونت اور پیشہ ورانہ مواقع فراہم کرتے ہوئے ان کے تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانا ہے۔مفاہمتی یادداشت پر چیئرمین انٹربورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو جبکہ ICMA پاکستان کی طرف سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عامر اعجاز خان نے دستخط کیے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر ساؤتھ ریجن ICMAپاکستان لال محمد لکھن بھی موجود تھے۔

دونوں مؤقر اداروں کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے مطابق انٹربورڈ کراچی کے تحت انٹرمیڈیٹ کے تمام گروپس کے امتحانات میں ٹاپ 10 پوزیشنز حاصل کرنے والے طالبعلموں کو 100 فیصد وظائف فراہم کیے جائیں گے۔میرٹ پر مبنی وظائف میں 85 فیصد یا اس سے زائد نمبر حاصل کرنے والے طلبہ کو 75 فیصد وظیفہ اور 75 فیصد یا اس سے زائد نمبر حاصل کرنے والوں کو 50 فیصد وظیفہ دیا جائے گا۔

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے مستقل ملازمین کے بچوں کو 25 فیصد وظیفہ ملے گا۔ اس کے علاوہ انٹربورڈ کراچی 50 ضرورت مند طلبہ کیلئے بھی وظائف کی سفارش کرسکتا ہے جو پاکستان بیت المال کی نشستوں کے تحت 100 فیصد وظائف کے اہل ہوں گے۔ مزید برآں، اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی اورICMA پاکستان طلبہ کی حوصلہ افزائی اور تعلیمی معیار مزید بلند کرنے کیلئے ہر سال مشترکہ طورپر ایک خصوصی تقریب بھی منعقد کریں گے جس میں انٹرمیڈیٹ کے ہر گروپ کے پہلی100 نمایاں طلبہ کو اعزازات دیے جائیں گے۔

اس تقریب میں چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی بطور مہمان خصوصی شریک ہوں گے۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ادارے تحقیق و ترقی، تربیتی پروگرامز، انفراسٹرکچر کے اشتراک، انٹرن شپ، MTO پروگرامز اور ملازمت کے مواقع میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے۔ ایم او یو کے مطابقICMA پاکستان اپنے کیمپس یا دیگر مقامات پر اجلاس، تقریبات، سیمینار اور کانفرنسز کیلئے جگہ بھی فراہم کرے گا۔

اس کے علاوہ ICMA پاکستان، اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی سینئر مینجمنٹ کے انٹرویوز اپنے مینجمنٹ اکاؤنٹنٹ جرنل اور دیگر اشاعتی مواد میں شائع کرسکے گا۔ ICMA پاکستان انٹربورڈ کراچی کی نمایاں کامیابیوں اور سرگرمیوں کی خبریں بھی اپنے سوشل میڈیا، ویب سائٹ اور نیوز لیٹر پر شائع کرے گا۔یہ معاہدہ تین سال کے لیے مؤثرہوگا جسے باہمی رضامندی سے مزید توسیع دی جا سکے گی۔ دونوں ادارے پرعزم ہیں کہ اس تعاون سے نہ صرف تعلیمی معیار بلند ہوگا بلکہ طلبہ کو قومی و بین الاقوامی سطح پر اعلیٰ پیشہ ورانہ مواقع بھی میسر آئیں گے۔