نیوٹک اور AJKTEVTA کا کشمیری خواتین کو بزنس لیڈر بنانے کا عزم، چہلہ بانڈی میں وزیراعظم ہنرمند پروگرام کا عملی مظاہرہ

جمعرات 28 اگست 2025 14:46

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء)سیکرٹری / چیف آپریٹنگ آفیسر اے جے کے ٹیوٹا (AJK TEVTA) ڈاکٹر مسعود احمد بخاری ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر اوپریشنز عادل رشید نے چہلہ بانڈی، ذوق کشمیر انسٹیٹیوٹ میں جاری وزیراعظم ہنرمند پروگرام، نیووٹک (NAVTTC) گورنمنٹ آف پاکستان کے تحت انڈسٹریل کلسٹر ٹریننگ پروگرام کا دورہ کیا۔ڈاکٹر مسعود احمد بخاری نے ٹریننگ سیشن کا تفصیلی معائنہ کیا اور شرکاء کی مہارت اور اعتماد کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اگر ووکیشنل ٹریننگ کو درست حکمت عملی کے ساتھ نافذ کیا جائے تو یہ زندگیوں کو بدلنے کے ساتھ خواتین کو قومی ترقی کا انجن بھی بنا سکتا ہے۔

''اس موقع پر ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آزاد کشمیر کے سیکرٹری ڈاکٹر راجہ زاہد خان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ''کشمیری خواتین میں پوشیدہ تخلیقی اور معاشی صلاحیتیں موجود ہیں۔ یہ ٹریننگ پروگرام ان صلاحیتوں کو نئی توانائی دے کر انہیں صرف ہنر مند نہیں بلکہ معاشی میدان کی صفِ اوّل کی کھلاڑی بنا رہا ہے۔ ذوق کشمیر جیسے انسٹیٹیوٹ ہمارے خواب کو حقیقت میں بدلنے کا ذریعہ ہیں، جہاں خواتین اپنے ہنر کو برانڈ بنا کر عالمی منڈی تک پہنچانے کی صلاحیت پیدا کر رہی ہیں۔

''اس موقع پر خصوصی طور پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیووٹک محترم عامر جان کا ذکر کیا گیا جن کے ویژن اور بھرپور کردار کی بدولت آزاد کشمیر کی خواتین کو پہلی بار اس پروگرام میں اتنے وسیع پیمانے پر مواقع فراہم کیے گئے۔ شرکاء نے کہا کہ یہ اقدام کشمیری خواتین کے لیے تاریخی سنگ میل ہے جو انہیں خودمختاری، معاشی خود مختاری اور بزنس لیڈر شپ کی راہ پر گامزن کرے گا۔

ٹریننگ میں شریک خواتین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام ان کی زندگیوں کے لیے ایک نیا باب ہے۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان، نیووٹک اور بالخصوص ایگزیکٹو ڈائریکٹر عامر جان اور چیئرمین AJKTEVTA خواجہ محمد نعیم بسمل کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے آزاد کشمیر میں خواتین کو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور معیشت میں فعال کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کیا۔شرکاء نے مزید کہا کہ یہ تربیت نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا کرے گی بلکہ خواتین کی قیادت میں چھوٹے انڈسٹریز کے فروغ سے کشمیری معیشت کو نئی سمت ملے گی۔