Live Updates

گورنر خیبرپختونخوا سے پاکستان میں تعینات اٹلی کی سفیر ماریلینا ارمینلن کی ملاقات

خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

جمعرات 28 اگست 2025 19:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان میں تعینات اٹلی کی سفیر ماریلینا ارمینلن نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران اطالوی سفیر نے خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے حالیہ دورہ پشاور کی مصروفیات اور ملاقاتوں سے گورنر کو آگاہ کیا۔

گورنر خیبرپختونخوا اور اطالوی سفیر کے مابین سیاحت، تعلیم اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر بارڈر منیجمنٹ، منشیات کی روک تھام اور دہشت گردی کے خاتمے سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے۔اطالوی سفیر نے کہا کہ پاکستان کی طرح اٹلی کو بھی ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا سامنا ہے اور دونوں ممالک کو اس ضمن میں تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اٹلی میں پاکستان سے ہنر مند افرادی قوت کی فراہمی کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی صورتحال دیگر صوبوں سے مختلف ہے، ان صوبوں کو دہشت گردی کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تبدیلی کے شدید خطرات کا بھی سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دورہ اسپین کے دوران بھی ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

کلاؤڈ برسٹ جیسے معاملات کے بارے میں بروقت معلومات کی فراہمی کے لیے اب تک کوئی مؤثر میکنزم تشکیل نہیں دیا جا سکا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ نیوٹک اور ٹیوٹا کے ذریعے خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر سے ہنر مند افرادی قوت تیار کی جا رہی ہے تاکہ دنیا کو بہترین افرادی قوت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں پر سرمایہ کاری اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات