Live Updates

دریائے سندھ میں پانی کے بہا میں اضافے کے باعث کچے میں رہنے والے افراد کو فورا پکے علاقوں میں منتقل کیا جائے، کمشنر ندیم احمد ابڑو

جمعرات 28 اگست 2025 21:45

نواب شاہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء)کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن ندیم احمد ابڑو کی زیر صدارت دریائے سندھ میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر ریسکیو اور ریلیف سے متعلق ایک اجلاس آج کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عبدالصمد نظامانی، ایڈیشنل کمشنر ٹو سید عمار حسین، میونسپل کمشنر عبدالرزاق شیخ سمیت آبپاشی، لوکل گورنمنٹ، حیسکو، سیپکو اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شریک ہوئے، جبکہ ڈپٹی کمشنر سانگھڑ ساراہ جاوید اور ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز محمد ارسلان سلیم ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ندیم احمد ابڑو نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ بالائی علاقوں میں تیز بارشوں کے باعث دریائے سندھ میں پانی کے بہا میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جس سے بڑی طغیانی کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

اس صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ اور محکمہ آبپاشی کے افسران دریائے سندھ کے حفاظتی پشتوں کو مزید مضبوط بنائیں کمشنر نے ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد اور نوشہروفیروز کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اضلاع میں دریائے سندھ کے کچے میں رہنے والے افراد کو فوری طور پر پکے علاقوں میں منتقل کریں انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ صحت اور لائیو اسٹاک فوری طور پر ان علاقوں میں لوگوں اور مویشیوں کے علاج کے لیے میڈیکل کیمپس قائم کریں۔

کمشنر نے محکمہ آبپاشی کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ عملے کی چھٹیاں منسوخ کریں اور بندوں کی نگرانی کے کام پر خاص توجہ دیں۔ اس کے ساتھ ساتھ میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کو بھی ہدایت دی گئی کہ بارشوں کے پیش نظر تمام مشینری کو فعال رکھا جائے جبکہ ڈویژن اور ضلع سطح پر کنٹرول روم بھی قائم کیا جائے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنرز نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ دریائے سندھ کے کچے میں رہنے والے افراد کو علاقہ خالی کرنے کے لیے وارننگ جاری کر دی گئی ہے جبکہ ریسکیو اور ریلیف کے تمام تر ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اجلاس میں محکمہ آبپاشی کے افسران نے بتایا کہ دریا میں پانی کے بہا میں اضافہ ہورہا ہے جس کے پیش نظر بندوں کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات کیے گئے ہیں اور ان کی نگرانی کے لیے عملے اور مشینری کی موجودگی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات